کوہلی کو ’سکیورٹی تھریٹ‘ نہیں، پریکٹس منسوخی کی وجہ گرمی

گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رائل چیلنجرز بینگلور نے احمد آباد میں میچ پریکٹس سکیورٹی تھریٹ نہیں بلکہ ہیٹ ویو کی وجہ سے منسوخ کی ہے۔

انڈیا کے سابق کپتان وراٹ کوہلی آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بینگلور کا حصہ ہیں (اے ایف پی)

انڈین ذرائع ابلاغ نے بدھ کو آئی پی ایل میں راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بینگلور کے درمیان ایلیمینیٹر میچ سے کچھ گھنٹے قبل رپورٹ کیا کہ وراٹ کوہلی کو ’سکیورٹی تھریٹ‘ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی وجہ سے رائل چیلنجرز بینگلور کو میچ سے قبل اپنا پریکٹس سیشن بھی منسوخ کرنا پڑا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آئی پی ایل ایلیمینیٹر میچ میں آمنے سامنے ہیں اور یہ میچ احمد آباد میں کھیلا جا رہا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا کہ گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رائل چیلنجرز بینگلور نے احمد آباد میں میچ پریکٹس سکیورٹی تھریٹ نہیں بلکہ ہیٹ ویو کی وجہ سے منسوخ کی ہے۔

گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے بیان کے مطابق ’ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کی صحت کو پریکٹس پر ترجیح دی۔‘

گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری انیل پاٹیل نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ’کوئی سکیورٹی تھریٹ نہیں تھا۔ ہم نے دونوں ٹیموں کے لیے انتظامات کر رکھے تھے۔ آر سی بی نے شہر میں ہیٹ ویو کی وجہ سے پریکٹس منسوخ کی۔‘

قبل ازیں خبر رساں اداروں ہندوستان ٹائمز اور آنندبازار پتریکا نے رپورٹ کیا تھا کہ آر سی بی نے پریکٹس وراٹ کوہلی کو ’سکیورٹی تھریٹ‘ کی وجہ سے منسوخ کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم فرنچائز کی جانب سے اس معاملے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

آنند بازار پتریکا کے مطابق فرنچائز نے ’سکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے راجستھان رائلز کے خلاف ایلیمینیٹر میچ کے موقع پر پریس کانفرنس بھی نہیں کی تھی، یہ غیرمعمولی تھا اس لیے بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن بھی تھا۔‘

آنند پتریکا نے یہ بھی رپورٹ کیا تھا کہ ’گجرات پولیس نے اشارہ دیا کہ پریس کانفرنس منسوخ کرنے کی بنیادی وجہ وراٹ کوہلی کی سکیورٹی ہی تھی اور یہ کہ اس ضمن میں پولیس نے چار افراد کو مبینہ طور پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار بھی کیا ہے۔‘

خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی نے رپورٹ کیا تھا کہ پولیس کی جانب سے رائل چیلنجرز بنگلور اور راجستھان کو اس بابت مطلع کیا گیا جس کے بعد آر سی بی نے اپنی تمام تر مصروفیات منسوخ کر دیں تاہم راجھستان رائلز نے شیڈول کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔  

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ