بابر اعظم کا بچپن کہاں اور کیسے گزرا؟

بابر اعظم کے ہمسایے اور محلے دار ان کی کامیابی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز بابراعظم لاہور کے ایک روایتی محلے ماڈل کالونی میں پیدا ہوئے، وہیں پرورش پائی۔ یہ محلہ فردوس مارکیٹ کے عقب میں واقع ہے۔

اہل علاقہ کے مطابق وہ بچپن سے ہی خاموش طبیعت اور سنجیدہ تھے۔ ان کے والدین بھی روایتی والدین کی طرح کرکٹ کھیلنے کی بجائے پڑھائی پر توجہ دینے کی تاکید کرتے لیکن وہ لڑکپن میں والدین کو بتائے بغیر محلے کی ٹیم میں میچ کھیلنے نکل جاتے اور واپسی پر گھر والوں کی ڈانٹ کھاتے۔

بابر اعظم کے محلے کی رہائشی ان کی ہمسایہ زرینہ ادریس (جنہوں نے بچپن میں بابر اعظم کو گود میں کھلایا) نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ بابر اعظم ان کی آنکھوں کے سامنے گلی محلے میں کھیلتے رہے اور والدین کی مخالفت کے باوجود انہوں نے کرکٹ نہ چھوڑی جبکہ ابتدائی تعلیم بھی علاقے کے ایک مقامی سکول سے حاصل کی۔ 

ان کے محلہ دارعلی ملک نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم انکے سامنے گلی میں کرکٹ کھیلتے رہے اور وہ بڑے بھائیوں کی طرح بچوں سے شفقت اور بڑوں سے ادب کے ساتھ ملتے ہیں۔ انہوں نے کبھی محلہ میں کسی سے لڑائی جھگڑا نہیں کیا۔ ہمیں ان کی کامیابی پر فخر ہے۔ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے اور امید ہے کہ ورلڈ کپ بھی جتوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اپنی فیملی کے ساتھ سکیورٹی خدشات کے تحت یہاں سے منتقل ہوگئے ہیں لیکن اپنا یہ آبائی گھر فروخت نہیں کیا۔ اسے اب تالا لگا ہے اور یہاں وہ اور ان کے اہل خانہ اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے لئے اکثر آتے ہیں۔

سٹار بلے باز کے محلے کے بازار میں ہیئر ڈریسر علی رضا نے بتایا کہ وہ ان سے کٹنگ کرانے آیا کرتے تھے اور اکثر کرکٹ پر تبصرے اور میچوں میں دلچسپی لیا کرتے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ