بھارت سے جیت اور کسی کو خبر ہی نہ ہوئی

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 29 جون کو کھیلے جانے والے ایشین سنوکر چیمپیئن شپ 2019 کے فائنل میں پاکستان کے بابر مسیح اور ذوالفقار قادر نے بھارت کی ٹیم کو2 کے مقابلے میں 3 فریم جیت کر شکست دی۔

پاکستان کے بابر مسیح اور ذوالفقار قادر نے چیمپیئن شپ کے فائنل میں بھارت کے پنکھج ایڈوانی، لکشمن راوت اور ادیتیہ مہتا کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں تین فریم سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ (فوٹو بشکریہ حکومت پاکستان آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ)

کرکٹ کا ورلڈ کپ جاری ہے اور پاکستان کے ہر میچ پر نہ صرف پاکستانیوں کی جانب سے بلکہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ اور سابقہ کھلاڑیوں کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ روایتی حریف بھارت کے ساتھ پاکستان کا میچ تو ہر ٹورنامنٹ میں ’فائنل سے پہلے فائنل‘ جیسی صورتحال پیدا کر دیتا ہے اور ایسا صرف کرکٹ میں نہیں ہوتا۔ ہاکی اور کبڈی کے میچوں میں بھی ہم دیکھ چکے ہیں کہ دونوں جانب کے شائقین کا جذبہ بلند ترین سطح پر ہوتا ہے لیکن حال ہی میں ایک ایسے کھیل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی ہے جو پاکستان میں بہرحال ایک معروف کھیل سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان کے شہروں حتیٰ کہ دیہی علاقوں میں بھی شاید ہی کوئی ایسی گلی یا محلہ ہوگا جہاں کوئی سنوکر کلب موجود نہ ہو اور پھر مقابلہ بھارت سے ہو تو اس کھیل کی اہمیت ویسے بھی بڑھ جاتی ہے، لیکن اس بار ایسا دیکھنے میں نہیں آیا۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 29 جون کو کھیلے جانے والے ایشیئن سنوکر چیمپیئن شپ 2019 کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 2 کے مقابلے میں 3 فریم جیت کر شکست دی۔ پاکستان کے بابر مسیح اور ذوالفقار قادر نے چیمپیئن شپ کے فائنل میں بھارت کے پنکھج ایڈوانی، لکشمن راوت اور ادیتیہ مہتا کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں تین فریم سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ پہلے دو فریموں میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی کھلاڑیوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔

اگلے دو فریمز میں بھارت کے کھلاڑیوں پنکھج ایڈوانی اور لکشمن راوت نے بہتر کھیلتے ہوئے دونوں فریم جیت لیے۔ آخری اور فیصلہ کن فریم میں پاکستان کے بابر مسیح کا مقابلہ بھارت کے لکشمی راوت سے ہوا جس میں بابر نے 39 کے مقابلے میں 67 پوائنٹس سے یہ فریم جیت کر فتح پاکستان کے نام کر دی۔

پہلے دو فریمز میں فتح کے بعد اگلے دو فریم ہارنے سے پاکستانی کھلاڑی دباؤ میں تھے لیکن بابر نے اپنے تجربے کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے شروع سے ہی برتری حاصل کر لی۔ جس کے بعد وہ مسلسل پوائنٹس سکور کرکے اپنی لیڈ کو بڑھاتے رہے۔ لکشمن بھرپور کوشش کے باوجود کوئی موقع حاصل نہ کر سکے اور بالآخر انہیں بابر کی مہارت کے سامنے ہار ماننا پڑی۔

سنوکر چیمپیئن شپ میں پاکستان کی اس فتح کو مرکزی میڈیا پر تو زیادہ پذیرائی نہ ملی، ہاں لیکن سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کچھ ٹوئیٹس ضرور کی گئیں۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنی ٹویٹ میں پاکستانی سنوکر ٹیم کو بھارت سے فتح پر مبارک باد پیش کی۔

حکومت پاکستان کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی اس فتح کو پوری قوم کے لیے باعث فخر قرار دیا گیا۔

حکمران جماعت تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی قومی ہیروز کو مبارک باد دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے بھی اس فتح پر یہ کہہ کر گلہ کیا کہ : ’کسی فنانسر اور سوشل میڈیا سپورٹ کے بغیر ان کھلاڑیوں نے بھارت کو شکست دے کر قوم کو فخر محسوس کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔‘

عالیہ نورین نامی ایک صارف کی جانب سے بھی یہی شکوہ کیا گیا کہ: ’سب کرکٹ میں مصروف ہیں اور بھارت کو شکست دے کر سنوکر چیمپیئن شپ جیتنے پر کوئی توجہ ہی نہیں دے رہا۔‘

ٹوئٹر پر اکثر صارفین یہی گلہ کرتے نظر آئے کہ بھارت کو شکست دے کر پاکستان نے ایشین سنوکر چیمپیئن شپ جیتی ہے لیکن اس کے باوجود بھی پاکستانی میڈیا کی جانب سے اس جیت کو وہ توجہ نہیں دی گئی جس کی یہ مستحق تھی۔

ستمبر 2018 میں بھی پاکستان کے بابر مسیح اور محمد آصف نے بھارت کے پنکھج ایڈوانی اور ملکیت سنگھ کو شکست دے کر ایشین سنوکر چیمپیئن شپ اپنے نام کی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل