’علی نور جلد مداحوں کے ساتھ ہوں گے‘

علی نور کے بھائی اور ساتھی گلوکار علی حمزہ کے مطابق علی نور تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور جلد اپنے مداحوں کے ساتھ ہوں گے۔

سوشل میڈیا

چند روز سے شدید بیمار پاکستانی راک  بینڈ نوری کے نمایاں گلوکار علی نور تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

سنو کہ میں ہوں جواں، پار چنا دے اور منوا رے جیسے ہر دلعزیز گانے گانے والےعلی نور کے بھائی اور ساتھی گلوکار علی حمزہ کے مطابق: ’علی نور تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور جلد اپنے مداحوں کے ساتھ ہوں گے۔‘

علی نور گذشتہ کچھ دنوں سے شدید بیمار ہیں اور اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

کچھ عرصہ قبل انہیں ہیپاٹائٹس اے کی شکایت ہو گئی تھی۔ جو آرام نہ ہونے کے باعث بگڑ گئی اور علاج کے دوران علی نور کا جگر بری طرح متاثر ہوا۔

علی نور کے چچا اعظم جمیل جو تحریک انصاف کے رہنما بھی ہیں، انھوں نے ایک ٹوئٹر پیغام میں اپنے بھتیجے کا ہیپاٹائٹس بگڑنے کے لیے ڈاکٹروں کو ذمہ دار ٹہرایا تھا۔

منگل کو علی نور کے کزن راکے جمیل نے رشتہ داروں سے جگر کے عطیے کی استدعا کی۔ انھوں نے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا: ’یہ زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔ علی نور کو آئندہ 48 گھنٹوں میں جگر کی پیوندکاری کی ضرورت ہے۔ 18 سے 45 سالہ رشتہ دار، جن کا خون کا گروپ بی پازیٹو، بی نیگٹیو، او نیگٹیو، اور او پازیٹیو ہے، ان سب سے گزارش ہے کہ وہ آگے آئیں۔‘

اسی طرح کی اپیلیں علی نور کے دوسرے کئی رشتہ داروں نے سوشل میڈیا پر کیں۔

تاہم علی حمزہ نے بدھ کے روز پیوندکاری اور خون کی ضرورت سے متعلق افواہوں کی تردید کر دی۔

انھوں نے اپنے  فیس بک پیج پر وضاحت کرتے ہوئے لکھا: ’علی نور تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے انہیں جگر کی پیوند کاری کی ضرورت نہ پڑے۔‘

علی حمزہ نے علی نور کے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور وضاحت کی کہ پاکستانی قوانین کے مطابق پیوند کاری کے لیے صرف اپنے رشتہ دار ہی کسی عضو کا عطیہ دے سکتے ہیں۔

علی حمزہ نے کہا کہ علی نور کو اس وقت ان کے مداحوں کی دعاؤں اور نیک خواہشات کی ضرورت ہے۔

 علی نور کی بیماری سے متعلق اطلاع کے فوراً بعد ان کے مداحوں نے ٹوئٹر، فیس بک، یو ٹیوب اور سوشل میڈیا کے دوسرے ذرائع پر پیغامات دینا شروع کر دیے۔

مداحوں نے علی نور کے ٹیلنٹ کو سراہا اور ان کی صحتیابی کی دعا کی۔

صحافی نسیم زہرا نے ٹویٹ میں علی نور کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

مشہور آر جے فاطمہ خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’ہمارے پیارے علی نور بہت زیادہ بیمار ہیں،۔ ان کے لیے دعا کریں۔‘ 

صحت کہانی کی ٹیم نے بھی ٹوئٹر پیغام کے ذریعہ علی نور کی صحت یابی کی دعا کی۔


سدرہ میمن نامی ٹوئٹر صارف نے علی نور کے چچا اعظم جمیل کی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے متعلق ٹویٹ پر تنقید کی۔ 

نوری بینڈ

علی نور گائیک ہونے کے ساتھ ساتھ گانے لکھتے اور گٹار بھی بجاتے ہیں۔ انھوں نے 1996 میں اپنے چھوٹے بھائی علی حمزہ کے ساتھ مل کر نوری کے نام سے راک بینڈ قائم کیا۔ جلد ہی اس بینڈ میں بیس گٹارسٹ محمد علی جعفری اور ڈرمر سلمان البرٹ بھی شامل ہو گئے۔

نوری بینڈ کے قیام سے ہی اس میں کافی تبدیلیاں آئیں۔ تاہم علی برادران ہمیشہ اس کا حصہ رہے۔

نوری بینڈ کے مشہور گانوں میں ’سنو کہ میں ہوں جوان‘ اور ’منوا رے‘ آج بھی مداحوں کے لبوں پر موجود ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل