گھریلو تشدد پر کتاب لکھنے والی خاتون، ’بوائے فرینڈ‘ کے ہاتھوں قتل

سراغ رساں اہلکاروں کا ماننا ہے کہ عالیہ کو جو دو بچوں کی ماں تھیں، ان کے اپنے ہی ساتھی نے قتل کیا ہے اور اس کی وجہ گھریلو تشدد ہو سکتی ہے۔

عالیہ ٹیری گھریلو تشدد کے خلاف لکھی گئی کتاب ’دی کوئین ایکسپیریئنس‘ کی شریک مصنفہ ہیں (فیس بک)

گھریلو تشدد کے بارے میں کتاب لکھنے والی عالیہ ٹیری کو مبینہ طور پر ان کے بوائے فرینڈ نے چاقو کے وار سے قتل کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ ریاست شمالی کیرولائنا کے شہر شارلٹ میں پیش آیا جہاں عالیہ کی لاش دو جولائی کو ان کے مکان سے برآمد کی گئی جن کو تیز دھار آلے سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

مقامی پولیس نے قتل کے شبہہ میں مقتولہ کے ساتھی عیسیٰ ہینڈرسن سوئم کو گرفتار کر لیا ہے۔

سراغ رساں اہلکاروں کا ماننا ہے کہ عالیہ کو جو دو بچوں کی ماں تھیں ان کے اپنے ہی ساتھی نے قتل کیا ہے اور اس کی وجہ گھریلو تشدد ہو سکتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان کو عالیہ کے گھر سے کال موصول ہوئی تھی جس میں وہ اپنے بوائے فرینڈ سے تکرار کر رہی تھیں لیکن جب تک پولیس ان کے گھر پہنچی تو ہینڈرسن وہاں سے فرار ہو چکے تھے۔

پولیس کو رات دو بجے پھر کال موصول ہوئی لیکن جب آفیسرز جائے وقوعہ پر پہنچے تو وہاں عالیہ کو خون میں لت پت حالت میں پایا۔ 35 سالہ خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

بعد میں 32 سالہ ہینڈرسن نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا جن پر عالیہ کے قتل کا الزام ہے۔

ڈبلیو بی ٹی وی کے مطابق پولیس ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ گذشتہ ایک برس کے دوران عالیہ کے گھر سے 911  پر19 بار مدد کے لیے کالز کی گئی تھیں۔  ان کالز میں تین گھریلو تشدد کے خلاف اور ایک بار مہلک ہتھیار سے حملے کی شکایت کے حوالے سے تھی۔

تاہم عدالت کی جانب سے گھریلو تشدد کا جرم ثابت نہ ہونے کی وجہ سے کبھی پروٹیکٹیو آڈر جاری نہیں ہو سکا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عالیہ ٹیری گھریلو تشدد کے خلاف لکھی گئی کتاب ’دی کوئین ایکسپیریئنس‘ کی شریک مصنفہ ہیں۔ ایمیزون پر دستیاب اس کتاب میں انھوں نے گھریلو تشدد کے حوالے سے اپنے تجربات بیان کیے تھے۔

کتاب کی ناشر نیکٹا ڈیوس کے مطابق عالیہ کو امید تھی کہ ان کی کہانی بدسلوکی کی شکار خواتین کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

مس ڈیوس نے ڈبلیو ایس او سی ٹی وی کو بتایا کہ ’وہ اندرونی اور بیرونی طور پر ایک خوبصورت شخصیت کی مالک خاتون تھیں جن کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہت سجی رہتی تھی۔‘

عالیہ کی کتاب کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کتاب پڑھ کر خواتین یہ محسوس کر سکتی ہیں کہ ان کے لیے مدد موجود ہے۔

عالیہ کی پڑوسن ریچل برمیرٹ جو خود بھی گھریلو تشدد کا شکار رہ چکی ہیں، اس مسٔلے کی آگاہی کے لیے کام کر رہی ہیں۔

ریچل کا کہنا تھا کہ وہ یہ خبر سن کر صدمے میں ہیں۔

’یہ ناقابل یقین حد تک تکلیف دہ بات ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ انہیں [عالیہ کو] انصاف ملے گا۔‘

امریکہ میں خواتین کو تشدد کا کس قدر سامنا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملک بھر میں ہر 16 گھنٹے بعد ایک خاتون موجودہ یا سابقہ ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو جاتی ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین