حافظ سعید سے متعلق ٹرمپ کی ٹویٹ: ’بھائی آپ کتنے انجان ہو‘

امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کی جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی پاکستان میں گرفتاری سے متعلق ٹویٹ پر دنیا بھر میں خوب مذاق اڑایا گیا۔

پاکستانی، بھارتی، امریکی اور برطانوی میڈیا نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی حافظ سعید کی گرفتاری سے متعلق کم معلومات کو آڑے ہاتھوں لیا(اے ایف پی)

امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کی جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی پاکستان میں گرفتاری سے متعلق ٹویٹ پر دنیا بھر میں خوب مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

حافظ سعید کو بدھ کے روز پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے قریب گرفتار کیا گیا۔ پاکستانی اہلکاروں کے مطابق وہ چندہ اکٹھا کر رہے تھے۔

حافظ سعید کی گرفتاری کے فوراً بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر پیغام دیا، جس میں انھوں نے حافظ سعید کی گرفتاری پر خوشی کا اظہار کیا۔

انھوں نے ٹویٹ میں کہا: ’دس سال کی تلاش کے بعد ممبئی حملوں کا نام نہاد ماسٹر مائنڈ پاکستان میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گذشتہ دو سال کے دوران ان کی تلاش کے لیے خوب دباو ڈالا گیا۔‘

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس ٹویٹ پر دنیا بھر سے تبصرے کیے گئے۔ جس میں تعریف کے علاوہ ان کی تنقید اور لاعلمی کا مذاق اڑایا گیا۔

پاکستانی، بھارتی، امریکی اور برطانوی میڈیا نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی حافظ سعید کی گرفتاری سے متعلق کم معلومات کو آڑے ہاتھوں لیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹویٹ کے فوراً بعد امریکی پارلیمان کے ایوان زیریں کی فارن افئیرز کمیٹی کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ایک پیغام نشر ہوا۔ جس میں صدر ٹرمپ کو مخاطب کر کے کہا گیا: ’آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ پاکستان دس سال سے ان کی تلاش نہیں کر رہا تھا۔ بلکہ وہ پاکستان میں ہی آزادانہ رہ رہے تھے۔‘

بھارت حافظ سعید اور ان کی تنظیم پر 2008 میں ہونے والے ممبئی حملوں کی پشت پناہی کا الزام لگاتا ہے۔

تاہم حافظ سعید اور اسلام آباد ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔

ویسے تو امریکہ نے2012 میں  حافظ سعید کی گرفتاری کے لیے معلومات فراہم کرنے والے کو دس ملین ڈالرز کا انعام دینے کا اعلان کیا تھا لیکن اب یہ معلوم نہیں کہ اس انعامی رقم کا کیا ہوگا؟

امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹویٹ آنے کے چند منٹ بعد ہی ٹوئٹر پیغام داغ دیا۔ جس میں انھوں نے امریکی صدر کی غلط اطلاع پر تبصرہ کرتے ہوئے ان لوگوں کو فوراً نوکری سے فارغ کرنے کا مشورہ دیا جنہوں نے انہیں (صدر ٹرمپ کو) یہ غلط اطلاع دی۔

پاکستان کی معروف ٹی وی اینکر پرسن فریحا ادریس نے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ ’کیا ہی اچھا ہوتا اگر آپ یہ ذکر بھی کرتے کہ اسی دن ایک بین الاقوامی عدالت میں بھارت کی جانب سے اپنے نیوی جاسوس کا دفاع کرنے یا یہ بتانے میں کہ گرفتار ہونے سے پہلے وہ پاکستان میں کیا کر رہے تھے میں ناکام رہا۔‘

بلیو روبوٹ ڈیزائن کے نام ٹوئٹر صارف نے اپنے پیغام میں کہا: ’میں ہر روز شرمندہ ہوتا ہوں کہ امریکہ نے آپ کو صدر چنا۔ آپ اس عہدے کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں۔ ہم ایک بہتر (صدر) کے حقدار ہیں۔‘

فرینکلی نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ ’بھائی آپ کتنے انجان ہو۔‘

تاہم بہت سارے ٹوئٹر صارفین نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی حافظ سعید سے متعلق ٹویٹ کی تعریفیں بھی کیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل