علی نور کی ’منوا رے‘ کے ساتھ شاندار واپسی

ابھی چند دن پہلے ہی سوشل اور مرکزی میڈیا پر گلوکار علی نور کی بگڑتی ہوئی صحت کے بارے میں جان کر ان کے مداح پریشان ہو گئے تھے

2002 میں   گانے ’منوا رے‘ نے علی نور اور ان کے بینڈ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا (ویڈیو سکرین گریب)

ابھی چند دن پہلے ہی سوشل اور مرکزی میڈیا پر گلوکار علی نور کی بگڑتی ہوئی صحت کے بارے میں جان کر ان کے مداح یقیناً پریشان ہوئے تھے، جنہیں اُس وقت تسلی ہوئی، جب چند روز قبل  گلوکار نے خود ٹوئٹر پر آگاہ کیا کہ وہ اب ٹھیک ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنے فینز کو بتایا کہ  آنے والے دنوں میں انہیں کچھ دلچسپ سننے اور دیکھنے کو ملے گا جس پر اس حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ آخر علی نور کیا کرنے جارہے ہیں۔

اور یہ انتظار گذشتہ روز اُس وقت ختم ہوا، جب علی نور نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے مشہورِ زمانہ گانے ’منوا رے‘ کا 'آکاپیلا' ورژن شیئر کیا۔ آکاپیلا گانے میں موسیقی کے ساز یا آلے کو استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ منہ کے ذریعے موسیقی کا تاثر پیدا کیا جاتا ہے۔

مندانہ زیدی کی ہدایات میں ریکارڈ کیے گئے اس گانے کو مداح بہت پسند کر رہے ہیں اور اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔

علی نور نے 1996 میں اپنے بھائی علی حمزہ کے ساتھ ’نوری‘ بینڈ کا آغاز کیا تھا۔

2002 میں ان کے گانے ’منوا رے‘ نے علی نور اور ان کے بینڈ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔ ان کی پہلی البم ’سنو کہ میں ہوں جوان‘ 2003 میں ریلیز ہوئی تھی۔

وہ گلوگاری کے ساتھ ساتھ گانے لکھتے بھی ہیں جبکہ گٹار بھی بجاتے ہیں۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی