’ یاسین ملک کی وفات کی خبریں افواہ ہیں‘

کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے شوہر کی خراب صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ موت کے منہ میں ہیں۔

17 دسمبر  2018  کو لی گئی اس تصویر میں بھارتی فوج یاسین ملک کو گرفتار کر کے لا جارہی ہے ( اے ایف پی)

کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے خاوند کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے تاہم تہاڑ جیل کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایسی کوئی خبر نہیں ہے کہ یاسین ملک کی طبیعت شدید ناساز ہے۔

نئی دہلی کی تہاڑ جیل کے اعلیٰ عہدیدار نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’یاسین ملک خیریت سے ہیں اور ان کے پاس ایسی کوئی خبر نہیں کہ ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر تہاڑ جیل کے مذکورہ افسر نے بتایا کہ ’یاسین ملک کی وفات کی خبریں افواہ ہیں۔‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تہاڑ جیل میں بہترین طبی سہولیات موجود ہیں۔

اس سے قبل یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں پوری دنیا بالخصوص پاکستان، امریکہ، چین اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی تھی کہ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ان کے شوہر سے ان کا رابطہ کروایا جائے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے اپنے خاوند کی حالت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یاسین ملک موت کے منہ میں ہیں، انہیں طبی سہولیات کیوں نہیں دی جا رہیں؟‘ ساتھ ہی مشعال ملک نے عالمی برادری کو بھارت پر زور ڈالنے کی اپیل بھی کی تھی۔

 

دوسری جانب سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں کہ یاسین ملک تہار جیل میں انتقال کرچکے ہیں۔

معروف کشمیری رہنما اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے گزشتہ روز اپنی ایک ٹویٹ میں یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں فوراً مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

یاسین ملک کی بہن اور والدہ نے بھی دو دن پہلے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ یا تو یاسین ملک کو رہا کیا جائے یا انہیں طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یاسین ملک کو ’خاموش موت‘ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا