ہندوستان کی آزادی سے متعلق گیت کو آسکر ایوارڈ مل گیا

فلم ’آر آر آر‘ کا گیت ’ناٹو ناٹو‘ لیڈی گاگا اور ریحانہ جیسے عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کی تخلیقات کو مات دے کر تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

اس گیت کی فلم بندی یوکرین میں شاہی محل کے سامنے کی گئی (لائیکا فلمز)

دنیا بھر میں اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والے آر آر آر کے گانے ’ناٹو ناٹو‘ سے کروڑوں انڈین شائقین کی امیدیں وابستہ تھیں اور توقعات کے مطابق یہ گانا اکیڈمی ایوارڈز کے بڑے سٹیج پر لیڈی گاگا اور ریحانہ جیسے عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کی تخلیقات کو مات دے کر تاریخ رقم کرنے میں کامیاب رہا۔

یہ کسی بھی انڈین پروڈکشن کا پہلا گیت ہے جسے بہترین اوریجنل نغمے کی کیٹیگری میں آسکر ملا۔

اس سے پہلے اے آر رحمان یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں مگر فرق یہ تھا کہ ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ برطانوی پروڈکشن کمپنیوں کی فلم تھی، جب کہ آر آر آر مکمل طور پر انڈین فلم ہے۔ یوکرینی محل کے سامنے فلمائے جانے والے اس گیت کی فلم بندی کو بھی بہت سراہا گیا تھا۔

’ناٹو ناٹو‘ کے موسیقار ایم ایم کیراونی تھے جبکہ بول چندرا بوس نے لکھے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ایم ایم کیراونی نے کہا: ’میں دا کارپینٹر میوزک بینڈ کو سن کر بڑا ہوا ہوں اور آج میرے ہاتھ میں آسکر ہے۔‘

انہوں نے اس کے بعد گفتگو کرنے کے بجائے گنگاکر اپنی بات کی کہ ’میرے ذہن میں صرف ایک ہی بات چل رہی تھی اور راجامولی اور میرے خاندان کے ذہن میں بھی۔۔۔ آر آر آر کو ضرور جیتنا چاہیے، یہ ہر انڈین کے لیے فخر کی بات ہو گی۔‘

اس دوران چندرا بوس ان کے ساتھ سٹیج پر کھڑے ٹرافی لہرا لہرا کر خوشی کا اظہار کرتے رہے۔

’ناٹو ناٹو‘ آزادی کی خاطر اپنی قوم کے لیے جد و جہد کرنے والے دو ہندوستانیوں کے جذبات کا اظہار ہے، جن کا ہتھیار رقص ہے۔

اس سے پہلے یہ گیت بہترین اوریجنل سانگ کا گولڈن گلوب بھی جیت چکا ہے، جس کے بعد اسے آسکر کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی