کھانا پیش کرنے میں تاخیر پر ویٹر قتل

پیرس کے ایک ریسٹورنٹ میں گاہک نے سینڈوچ کا آرڈر دیا، مگر کھانا آنے میں تاخیر پر غصے میں آکر ویٹر کو گولی مار کر فرار ہو گیا۔

مقامی افراد اس واقعے کے بعد صدمے میں ہیں اور ایک دوسرے سے سوال کر رہے ہیں کہ  محض ایک سینڈوچ کی وجہ سے ایک انسان کی جان لے لی گئی؟ (اے پی)

فرانس کے ایک ریسٹورنٹ میں ایک گاہک سینڈوچ تاخیر سے لانے پر آگ بگولہ ہو گیا اور طیش میں آ کر ویٹر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ پیرس کے نواحی علاقے نوئسی لے گرینڈ کے ایک ریسٹورنٹ میں جمعے کی شام پیش آیا جہاں 28 سالہ ویٹر کو کندھے میں گولی لگی۔

اس واقعے کے بعد ایمبولینس سروس کو بلایا گیا جس کے عملے نے ویٹر کی زندگی بچانے کی سر توڑ کوشش کی، تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے۔

فرانسیسی اخبار ’لے پیرسین‘ کی رپورٹ کے مطابق ریسٹورنٹ کی سروس سے ناخوش گاہک اُس وقت اپنے غصے پر قابو پانے میں ناکام ہوگیا، جب اس کے آرڈر کیے گئے سینڈوچ کی تیاری میں زیادہ وقت لگ گیا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مقامی افراد اس واقعے کے بعد صدمے میں ہیں اور ایک دوسرے سے سوال کر رہے ہیں کہ محض ایک سینڈوچ کی وجہ سے ایک انسان کی جان لے لی گئی۔

ایک 29 سالہ خاتون نے فرانسیسی میڈیا کو بتایا: ’یہ نہایت افسوس ناک واقعہ ہے۔ یہ ایک پُر امن ریسٹورنٹ ہے جہاں کبھی کوئی مسٔلہ درپیش نہیں رہا۔ یہ چند ماہ پہلے ہی کھلا تھا۔‘

کچھ افراد کا خیال ہے کہ علاقے کے عوامی مقامات پر منشیات اور شراب نوشی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔

پولیس نے اس سفاک قتل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور نامعلوم ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے جو جائے وقوع سے فرار ہو گیا تھا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا