ٹوئٹر کے باس کا اپنا ہی اکاؤنٹ ہیک

جیک ڈورسی کے آفیشل اکاؤنٹ کو ہیک کرنے والے گروہ نے اس ہنڈل کو تقریباً 30 منٹ تک کنٹرول کیے رکھا اور اس دوران کئی قابل اعتراض ٹویٹس کی گئیں۔

جیک ڈورسی 2006 میں قائم ہونے والی کمپنی ٹوئٹر کے شریک بانی ہیں (روئٹرز) 

سماجی رابطے کی سب سے اہم ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک جیک ڈورسی کا اپنا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا، اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد اس پر نسل پرستانہ، غیر مہذب اور بم کی دھمکیوں کے پیغامات جاری کیے گئے۔

کمپنی کے سان فرانسسکو میں قائم ہیڈکواٹر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ٹوئٹر کے بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر جیک ڈورسی کے آفیشل اکاؤنٹ کو ہیک کرنے والے گروہ نے اس ہنڈل کو تقریباً 30 منٹ تک کنٹرول کیے رکھا اور اس دوران کئی قابل اعتراض ٹویٹس کی گئیں۔

ڈورسی کے چالیس لاکھ سے زیادہ فالورز ہیں اور یہ ٹوئٹر کے سب سے زیادہ محفوظ اکاؤنٹس میں سے ایک  تصور ہوتا ہے۔

ڈورسی کے اکاؤنٹ کو ہیک کیے جانے کو ٹوئٹر کے لیے شرمندگی کا باعث قرار دیا جا رہا ہے۔ کئی افراد کا ماننا ہے کہ کمپنی کے مالک کا اپنی ہی ایپ پر اکاؤنٹ محفوظ نہیں اور اس کا مطلب یہ ہے کہ ہیکرز ان کے نجی پیغامات کو پڑھنے کے بھی قابل ہیں۔

ہیکرز نے خود کو ’چکل گینگ‘ کے طور پر متعارف کراتے ہوئے ڈورسی کے اکاؤنٹ کو فالو کرنے والوں کو مباحثے کی دعوت دی۔ تاہم ٹوئٹر نے اس گروہ کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹس کو ہنڈل پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے فوری بعد ڈیلیٹ کر دیا۔

اگرچہ ہیکر گروپ نے اس سائبر حملے کے پیچھے اپنے عزائم ظاہر نہیں کیے تاہم انہوں نے ڈورسی سے متعدد اکاؤنٹس کی معطلی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ہیکرز کی جانب سے ڈورسی کے اکاؤنٹ پر کنٹرول کے بعد ٹویٹس کو کچھ دیر بعد ہی حذف کر دیا گیا تھا تاہم بعض صارفین کے لیے یہ اکاؤنٹ عجیب ثابت ہو رہا تھا جبکہ کچھ کے لیے اس ہینڈل پر ایک بھی ٹویٹ ظاہر نہیں ہو رہی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈورسی اور ٹوئٹر کے آفیشل اکاؤنٹ سے اس واقعے کے بعد کوئی تبصرہ جاری نہیں کیا گیا۔

تاہم کمپنی کے جاری بیان میں بتایا گیا: ’موبائل سروس فراہم کنندہ کی سکیورٹی میں خلل کے سبب اکاؤنٹ سے وابستہ فون نمبر متاثر ہوا تھا۔ اس سے ایک غیر مجاز شخص کو اس فون نمبر سے ٹیکسٹ میسج کے ذریعے ٹویٹس تحریر کرنے اور بھیجنے کی اجازت دی گئی۔ اب یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔‘

ٹوئٹر اپنے تمام صارفین کو دو ذرائع سے توثیق کرنے کی ترغیب دیتا ہے جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ اکاؤنٹ ہولڈر کے علاوہ کوئی دوسرا شخص اس اکاؤنٹ کو استعال نہ کر سکے۔

یہ اپنی نوعیت کا پہلا یا واحد واقع نہیں کیوں کی اس سے قبل فیس بک کے مالک مارک زکربرگ کے اکاؤنٹ کو بھی 2016 میں ہیک کرلیا گیا تھا۔

جیک ڈورسی 2006 میں قائم ہونے والی کمپنی ٹوئٹر کے شریک بانی ہیں۔ انہوں نے آغاز میں اور پھر 2015 میں دوبارہ کمپنی کی قیادت کرنے کے لیے واپس آنے سے پہلے ابتدائی طور پر اس کے سی ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

ڈورسی کو پہلے بھی اپنی سائٹ استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب 2016 میں ان کے اکاؤنٹ پر مختصر مدت کے لیے پابندی عائد کردی گئی تھی۔

   

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی