اِک گَل کراں، مارو گے تے نئیں۔۔۔؟

پنجاب میں نہ پولیس کے رویے بدلے، نہ طور طریقے۔ تبدیلی آئی تو صرف نام کی۔ ایک سال میں تین پولیس سربراہ بدل ڈالے لیکن اصلاحات نہ تین میں نہ تیرہ میں۔ حتیٰ کہ وردی تک تبدیل کر کے دیکھ لی لیکن پنجاب میں پولیس کی بدمعاشی عریاں ہی رہی۔

ماڈل ٹاؤن سانحے کے ذمہ دار اگر ن لیگ حکومت تھی تو سانحہ ساہیوال کی ذمہ دار کون سی حکومت ہے؟

اِک گَل کراں، مارو گے تے نئیں۔۔۔؟

کیا پاکستان واقعی ایک آزاد، اسلامی فلاحی ریاست ہے جہاں ہر شہری کے جان و مال کی حفاظت حکمران کی اپنی جان سے بھی زیادہ قیمتی ہے؟

اِک گل کراں، مارو گے تے نئیں۔۔۔؟

کیا پاکستان واقعی مدینہ کی ریاست بن گیا یا کیا واقعی پاکستان کبھی مدینہ کی ریاست بن سکتا ہے؟

اِک گَل کراں، مارو گے تے نئیں۔۔۔؟

کیا پاکستان میں امیر غریب کے لیے قانون یکساں ہوگیا ہے؟

کیا کسی غریب کی جان کی حرمت امیر کی اِمارت سے زیادہ طاقتور ہوگئی ہے؟

کیا پاکستان میں طاقتور کی تھانیداری اور بدمعاشی کا کلچر ختم ہوگیا ہے؟

اِک گَل کراں، مارو گے تے نئیں۔۔۔؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پنجاب جس نے سب سے زیادہ ووٹ دے کر عمران خان کو وزیر اعظم بنایا اور جس کا وزیر اعلیٰ عمران خان نے ایک پسماندہ علاقے کے شخص کو بنایا کہ جو غریب کی تکلیف سمجھتا ہو جو غریب کو ریلیف دے سکے تو کیا پنجاب میں یہ تبدیلی آگئی؟

اِک گَل کراں، مارو گے تے نئیں۔۔۔؟

ذہنی معذور صلاح الدین کا مقدمہ کیا وقت کے حکمران کے خلاف نہیں کٹنا چاہیے؟

ماڈل ٹاؤن سانحے کے ذمہ دار اگر ن لیگ حکومت تھی تو سانحہ ساہیوال کی ذمہ دار کون سی حکومت ہے؟

ماڈل ٹاؤن سانحے میں اگر حکمرانوں کی ایما پر معصوم شہریوں کا قتل وغارت کیا گیا تو گذشتہ دو مہینوں میں صرف پنجاب میں پولیس کے ہاتھوں دورانِ حراست تشدد سے ہلاک ہونے والے لوگوں کے قتل کی غفلت کے ذمہ دار کون سے حکمران ہیں؟

سال بھر میں بھی پنجاب کا پولیس کلچر نہ بدل سکنے کے ذمہ دار کون ہیں؟

ن لیگ کے زمانے کی پولیس اگر گلو بٹ تھی تو آج بھی اسے بدمعاشوں کا مولا جٹ بنائے رکھنے کا ذمہ دار کون ہے؟

پنجاب میں نہ پولیس کے رویے بدلے، نہ طور طریقے۔ تبدیلی آئی تو صرف نام کی۔ ایک سال میں تین پولیس سربراہ بدل ڈالے لیکن اصلاحات نہ تین میں نہ تیرہ میں۔ حتیٰ کہ وردی تک تبدیل کر کے دیکھ لی لیکن پنجاب میں پولیس کی بدمعاشی عریاں ہی رہی۔

یہ حقیقت ہے کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار پنجاب میں اصلاحات اور تبدیلی لانے میں ناکام ہو رہے ہیں۔ ایک سال بڑا عرصہ ہوتا ہے کارکردگی کی صرف سمت ہی دکھانے کے لیے لیکن وزیراعلیٰ بزدار یہاں کامیاب ہوتے نظر نہیں آتے۔ کچھ ماہ پہلے پنجاب میں تبدیلی کی ہوا چلی تھی لیکن وزیر اعظم کے دو قریبی رفقا نے سہارا دیا اور عثمان بزدار صاحب کی پتنگ کٹتے کٹتے بچ گئی۔ اب بھی اگر عمران خان جلد کوئی ٹھوس فیصلہ نہیں لیں گے تو پنجاب میں حکومت اور پارٹی کی ساکھ  برقرار رکھنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔

ذہنی معذور صلاح الدین کا آخر قصور کیا تھا؟ محض اتنا کہ اے ٹی ایم مشین توڑ کر پیسے چوری کرنے کا ارادہ۔۔۔ قوم کے اربوں قرضوں کی مد میں ہڑپ کر جانے والوں کو محض ایک دستخط سے چوری معاف اور ایک ذہنی معذور کا جرم اتنا بڑا کہ اس کی موت کے پروانے پر دستخط۔۔۔؟ یا صلاح الدین کا قصور یہ کہ اس نے سوال کرنے کی جرات کر لی۔۔۔! سوال وہ بھی طاقتور کے سامنے۔ سوال وہ بھی گھٹن زدہ کمرے کی سیلن زدہ فضا میں۔ سوال وہ بھی جو طاقتور کو ایسا آئینہ دکھائے جس سے گھن آئے۔

دراصل ذہنی معذور صلاح الدین نہیں، یہ معاشرہ ہو چکا ہے۔ یا شاید ہم سب ہمیشہ سے ہی ذہنی معذور تھے لیکن نظر کی پکڑ میں اب آئے ہیں۔ اس معاشرے میں سوال کرنے کی آزادی تھی ہی کب۔ ماں باپ کے سامنے سوال کرنے کی اجازت نہیں کہ بدتمیز کہلائیں گے۔ استاد کے سامنے سوال کرنے کی اجازت نہیں کہ نافرمان کہلائیں گے۔ مولوی کے سامنے سوال کرنے کی اجازت نہیں کہ کافر کہلائیں گے۔ ریاست کے سامنے سوال کرنے کی اجازت نہیں کہ غدار کہلائیں گے۔۔۔ لیکن اس گھٹن زدہ، حبس زدہ، سیلن زدہ، دیمک لگی فضا میں بھی کچھ جنونی ایسے ہیں جو بے دھڑک سوال کرنے کی جرات کر بیٹھتے ہیں۔۔۔ چاہے سزا موت ہی کیوں نہ ہو۔۔۔

اِک گَل کراں، مارو گے تے نئیں۔۔۔؟

کراچی اور فاٹا کے دہشت گرد اور غدار قرار دے کر مارے گئے اور جیلوں میں ڈالے گئے معصوم شہریوں کو انصاف کب ملے گا؟

اِک گَل کراں، مارو گے تے نئیں۔۔۔؟

بلوچستان کے لاپتہ معصوم شہریوں کو گھر واپسی کا انصاف کب ملے گا؟

اک گَل کراں، مارو گے تے نئیں۔۔۔؟

آج محرم کی کون سی تاریخ ہے؟

اِک گَل کراں، مارو گے تے نئیں۔۔۔؟

تم حسین ہو کہ یزید ہو؟

اِک گَل کراں۔۔۔

-----------

نوٹ: مندرجہ بالا تحریر منصف کی ذاتی آرا پر مبنی ہے اور ادارے کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔ 

زیادہ پڑھی جانے والی زاویہ