مالک کے بچوں کو سانپ سے بچانے والا کتا زہر سے ہلاک

گیری ریچرڈسن کے دو بیٹے گھر کے باہر زیوس کا پانی کا برتن صاف کر رہے تھے کہ سانپ آ گیا۔ زیوس نے اس پر حملہ کر کہ اسے مار دیا مگر خود شدد زخمی ہوگیا۔

ایک پِٹ بُل کی فائل تصویر (اے ایف پی)

امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں زیوس نامی پِٹ بُل نسل کا ایک کتا اپنے مالک کے بچوں کو زہریلے سانپ سے بچانے کی کوشش میں زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہوگیا ہے۔ 

فلوریڈا کی سمٹر کاؤنٹی میں رہنے والے زیوس کے مالک گیری ریچرڈسن کے مطابق ان کے دو بیٹے گھر کے باہر زیوس کا پانی کا برتن صاف کر رہے تھے کہ وہاں ایک زہریلا سانپ آ گیا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں نے تو سانپ کو ان کی طرف رینگتے ہوئے نہیں دیکھا مگر ان کے آٹھ ماہ کے کتے نے اسے دیکھ لیا۔ زیوس نے بچوں کو سانپ سے بچانے کے لیے اس پر حملہ کر دیا اور اسے مار کر بچوں کی جان بچا لی مگر  چونکہ سانپ نے اسے چار بار ڈسا تھا تو وہ خود بہت زخمی ہوگیا۔

اسے فوری طور پر قریبی علاقے اوکالا میں ایک جانوروں کے ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا جہاں اسے اینٹی وینم  (زہر کے توڑ) کی دوائیں دی گئیں۔

تاہم وہ بچ نہ سکا اور اس ہفتے مر گیا۔

گیری ریچرڈسن نے امریکی چینل ’فاکس 35 اورلینڈو‘ کو بتایا: ’جیسے ہی وہ اندر آیا تو مجھے پتہ چل گیا کہ کوئی مسئلہ ہے۔ اس سب سے بہت صدمہ ہوا کیونکہ  مجھے پتہ چل گیا تھا کہ وہ مرنے والا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا: ’جہاں تک میں جانتا ہوں پِٹ بُل سب سے زیادہ وفادار کتے ہوتے ہیں اور میں نے زندگی میں بہت سے جانور پالے ہیں۔‘

متاثرہ خاندان کے مطابق زیوس ان کی فیلمی میں جنوری سے شامل ہوا تھا۔ گیری کی اہلیہ جینا نے کہا کہ زیوس ’خاندان کے ایک فرد کی طرح تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ان کو امید تھی کہ زیوس کو دیا گیا اینٹی وینم کام کرے گا مگر  ایسا نہیں ہوا۔ ’اس سے ہمیں بہت تکلیف ہوئی۔‘

ان کے بقول: ’اگر آپ پِٹ بُل کو صحیح سے رکھیں اور اچھا سلوک کریں تو وہ آپ کے لیے اپنی  جان بھی دے دیتے ہیں۔ میرا بیٹا اس وجہ سے ہی زندہ ہے۔‘

زیوس کے علاج میں اس خاندان کے ایک ہزار ڈالر خرچ ہوئے۔ ان کو اخراجات برداشت کرنے کے لیے فنڈریزنگ کے لیے ایک ویب پیج بھی قائم کرنا پڑا اور جلد ہی فنڈز کا مقررہ ہدف پورا کر لیا۔

جینا نے کہا: ’ہم نے اپنا ہدف پورا کر لیا اور اب میرے کندھوں سے بوجھ اتر گیا ہے۔ میرا دل بہت خوش ہے یہ جان کر کہ ہمارے پیارے کتے نے بہت سے دلوں کو چھوا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ اس واقعے سے لوگ پِٹ بُل نسل کے کتوں کو پالنے پر قائل ہوں گے کیونکہ وہ ایک ’نرم دل اور خیال رکھنے والی نسل ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ