لاہور میں دو روزہ سائنس میلے کا انعقاد

بارہ اور 13 اکتوبر کو ہونے والے میلے میں پاکستان میں ہونی والی سائنسی دریافتوں اور سنگ میل سے آگاہ کرنے کے علاوہ فوڈ سٹالز اور مختلف طرح کے کھیل بھی رکھے گئے ہیں۔

2018 میں ہونے والے سائنس میلے میں شریک بچے (تصویر خوارزمی سائنس سوسائٹی)

لاہور میں خوارزمی سائنس سوسائٹی اور علی انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کےباہمی اشتراک سے 12 اور13اکتوبر 2019 کو تیسرے سائنس میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یہ میلہ ایک جیتے جاگتے سائنس عجائب گھر کی مانند ہے جہاں پاکستان میں ہونی والی سائنسی دریافتوں اور سنگ میل سے آگاہ کرنے کے لیے لاہور کے تمام شہریوں کو مدعو کیا جارہا ہے۔ چونکہ یونیسکو کی جانب سے سال 2019 کو کیمیاکے عناصر پر مشتمل دوری جدول کے 150 سال مکمل ہونے سے منسوب کیا گیا ہےلہذااس مناسبت سے  سائنس میلے کا مرکزی خیال بھی ’عناصر میں ظہورِ ترتیب ‘رکھا گیا ہے۔

خوارزمی سائنس سوسائٹی کو اس برس پنجاب بھر سے تقریباً 70 نمائش کنندگان کی میزبانی  کا شرف حاصل ہوگا جن میں سرکاری اور غیر سرکاری ادارے ، این جی اوز، پاکستان ارضیاتی سروے، نیشنل سینٹر فار فزکس اسلام آباد، پاکستان سکیل ماڈلرز ایسوسی ایشن ، لاہور فلکیاتی سوسائٹی، علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور، فارمین کرسچئن کالج اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور شامل ہیں ۔

اس دفعہ میلے کی ایک بڑی خصوصیت دنیا ئے فزکس کی سب سے بڑی لیبارٹری ’ سرن میڈیا لیب‘ کی شرکت ہے جس کے نمائندے پاکستان کا دورہ کرکے میلے میں لارج ہائیڈن کولائیڈر سرنگ کی نمائش کریں گے۔

اس کے ساتھ میلے میں آنے والے افراد کو علی انسٹی ٹیوٹ کے آڈیٹوریم سے سرن (ایس ایم ایس) کی مجازی سیر بھی کرائی جائے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 اس مرتبہ پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بھی میلے میں شرکت کر رہا ہے اور پنجاب بھر سے 36 اضلاع  کے سرکاری سکولوں کے نمائش کنندہ میلے میں کیمیاکے شاہکار وں کا مظاہرہ کریں گے۔

 اس برس خوارزمی سائنس سوسائٹی نے فوٹو گرافی کے ایک مقابلے کا انعقاد بھی کیا ہے جس کا مقصد نا صرف سائنس میں دلچسپی رکھنے والے فوٹو گرافرز کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے بلکہ سائنسی علوم کی اصل خوبصورتی کو جدت کے ساتھ پیش کرنا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہے۔

میلے میں داخلہ مفت ہےاور ہر کوئی شرکت کر سکتا ہے۔ سائنس میلہ 2019 کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ آرٹس اور سائنس کی ہم آہنگی دیکھنے کو ملے گی، جس کے لیے نمائش کنندہ اپنے خوبصورت فن پاروں کی نمائش کریں گے۔

اس کے ساتھ ہی بچوں اور عام افراد کی دلچسپی کو بڑھانے کے لیے میلے میں فوڈ سٹالز اور مختلف طرح کے کھیل بھی رکھے گئے ہیں تاکہ نا صرف بڑی عمر کے افراد بلکہ بچے بھی اس میلے سے پوری طرح لطف اندوز ہو سکیں ۔

میلے میں نمائش کنندہ خوردبینی مشاہدے سے لے کر دوربین کے ذریعے آسمان کی بے کراں وسعتوں کی سیر کرانے کے لیے پوری طرح مستعد ہیں اور یہاں ہر کسی کی دلچسپی کا سامان موجود ہے۔

میلہ علی انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن، فیروز پور روڈ، لاہور پر صبح نو سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی سائنس