’میچ کا ٹکٹ لینے سے اچھا تھا میں لان کا سوٹ ہی لے لیتی‘

سری لنکا کی ٹیم سے ٹی ٹوئنٹی میچ اور سیریز ہارنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین میمز کے ذریعے عمر اکمل کی خراب کارکردگی پر ان کی خوب ’عزت افزائی‘ کر رہے ہیں۔

میچ کے دوران ایک خاتون اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے۔ (فوٹو: حذیفہ علی شاہ ٹوئٹر اکاؤنٹ)

سری لنکا کی نومولود ٹیم جسے بعض ماہرین ’بی ٹیم‘ بھی کہہ رہے ہیں، کے ہاتھوں ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کی مسلسل دوسری شکست سے شائقین شدید مایوس دکھائی دے رہے ہیں۔

اس میچ میں ناکامی کی وجہ پرانے چہروں کو ٹیم میں شامل کرنا قرار دیا جا رہا ہے خاص طور پر آزمائے ہوئے ’کارتوس‘ عمر اکمل کو جو پہلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے۔

کرکٹ ماہرین سری لنکا کی نسبتاً نئی ٹیم، جس میں ان کی قومی ٹیم کے سینیئر کھلاڑی بھی شامل نہیں تھے، کے خلاف نئے لڑکوں کو موقع دینے کا مشورہ دے رہے تھے لیکن کوچ مصباح الحق نے تمام مشوروں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو موقع دے ڈالا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ماہرین کا کہنا ہے کہ مصباح اگر احمد شہزاد اور عمر اکمل کی جگہ نئے چہرے آزماتے تو شاید مہمان ٹیم کے نوجوانوں کی طرح پاکستان کے نئے لڑکے بھی کچھ بہتر کارکردگی دکھا سکتے تھے اور اس فارمیٹ کی ٹاپ ٹیم اپنی ہی سرزمین پر اس ہزیمت کا سامنا کرنے سے بچ جاتی۔

میچ کے بعد پیر کی شب سے ہی پاکستان میں عمر اکمل کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے اور صارفین میمز کے ذریعے ان کی خوب ’عزت افزائی‘ کر رہے ہیں۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے معروف تجزیہ کار ڈینس فریڈمین نے عمر اکمل کی کارکردگی پر طنز کرتے ہوئے لکھا: ’کم از کم وہ یہ ملنے والا موقع ضائع نہیں کر رہے۔‘

مزمل عباس وڑائچ نے ڈک یعنی صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست کے ساتھ ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا: ’دو میچ اور مل جائیں تو عمر اکمل اس لسٹ میں ٹاپ پر آ جائیں گے۔‘

حذیفہ علی شاہ نے ایک خاتون، جو بظاہر عمر اکمل کے صفر پر آؤٹ ہونے پر اپنا سر پیٹ رہی تھیں، کی تصویر کے ساتھ لکھا: ’وہ لمحہ جب اس خاتون کو احساس ہوا کہ ٹکٹ لینے سے اچھا تھا میں لان کا سوٹ ہی لے لیتی۔‘

 حسنات نامی ایک صارف نے سابق کوچ مکی آرتھر کو خراج تحسین پیش کیا۔ واضح رہے کہ مکی آرتھر عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کرنے کے سخت مخالف سمجھے جاتے تھے۔ حسنات نے عمر اکمل کے ایک بیان جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مکی آرتھر انہیں گالیاں دیتے تھے، کے ساتھ ٹویٹ کیا: ’مکی آرتھر کو سیلوٹ۔‘

راحیل پتافی کے ہینڈل سے کھلاڑیوں کی کیک کھاتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں انہوں نے لکھا: ’ایسا دکھائی دیتا ہے کہ میچ شروع ہونے سے قبل لی گئی اس تصویر میں بریانی کو فوٹو شاپ کر دیا گیا ہو۔‘

نعمان منشا نامی صارف نے محمد حفیظ اور شعیب ملک کی تصویر کے ساتھ لکھا: ’ہماری جگہ پر دو ورلڈ کلاس بیٹسمین کھیلے تھے۔ کوئی ان کی اننگز کی جھلکیاں دے گا؟‘

ٹوئٹر صارف بلاول سعید نے بھی صفر پر آؤٹ ہونے پر عمر اکمل کو طنز کا نشانہ بنایا اور لکھا: ’عمر اکمل صرف 100 رنز سے اپنی سنچری مکمل کرنے سے رہ گئے۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل