میں دفتر خارجہ اجازت لے کر گئی تھی: حریم شاہ

مختصر ویڈیوز کی ایپ ٹک ٹاک پہلے ہی پاکستان سمیت دنیا بھر میں دھوم مچا چکی ہے لیکن اس مرتبہ اس کی گونج اعلی سرکاری دفتر میں بھی سنی گئی ہے۔

اپنی ایک ویڈیو میں حریم شاہ دفتر خارجہ کی عمارت میں گھومتی دکھائی دے رہی ہیں اور پیچھے ’بھارتی‘ گانا چل رہا ہے (سکرین گریب)

مختصر ویڈیوز کی ایپ ٹک ٹاک پہلے ہی پاکستان سمیت دنیا بھر میں دھوم مچا چکی ہے لیکن اس مرتبہ اس کی گونج اعلی سرکاری دفتر میں بھی سنی گئی ہے۔

ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ جو پہلے بھی اپنی کچھ ایسی ہی ویڈیوز کی وجہ سے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا چکی ہیں نے اس مرتبہ پاکستانی دفتر خارجہ کا رخ کیا ہے۔

اپنی ایک ویڈیو میں حریم شاہ دفتر خارجہ کی عمارت میں گھومتی دکھائی دے رہی ہیں اور پیچھے ’بھارتی‘ گانا چل رہا ہے۔

حریم شاہ نے اپنی ویڈیو کے حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ویڈیو نہ تو نازیبا ہے اور نہ ہی ملک کی بدنامی کا باعث ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ ایسے ویڈیوز اپنی ذات کے لیے بناتی ہیں اور اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔

’یہ کوئی غیر اخلاقی ویڈیو نہیں ہے جس پر اس طرح کی تنقید کی جا رہی ہے۔‘

دفتر خارجہ کی عمارت میں داخلے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’جو بھی وہاں جاتا ہے تو ظاہر ہے اجازت لے کر ہی جاتا ہے، بغیر اجازت تو کوئی کسی کے گھر تک نہیں جا سکتا۔ میں نے بھی وہاں کا تمام پراسیز فالو کیا ہے، گیٹ پر انٹری کروائی، بغیر اجازت داخل نہیں ہوئی۔وہاں کے مجاز افسر سے اجازت لے کر گئی ہوں۔‘

سوشل میڈیا اور ٹی وی چینل پر حریم شاہ نے اپنی اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے حوالے سے کہا کہ ’ہمارے پاس بس کوئی چھوٹی سی بات آجائے تو ہم اس کا بڑھا چڑھا کر پیش کر دیتے ہیں، لوگوں کو اس کے پس منظر کا نہیں معلوم ہوتا۔ وہ باتیں تو پتا ہی نہیں ہوتیں جو اصل میں ہوتی ہیں، ریٹنگ کے لیے کسی کے بارے میں بھی کچھ بھی بول دیتے ہیں۔‘

ویڈیو پر بھارتی گانا چلانے پر انھوں نے کہا کہ ’یہ میری غلطی ہے اس پر میں معافی مانگتی ہوں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو سوشل میڈیا پر ’وزیراعظم حریم شاہ‘ کہا جا رہا ہے تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تو اپوزیشن کا کام ہے، یہ جو بھی کر رہے ہیں ن لیگ والے کر رہے ہیں، کیونکہ ن لیگ والوں کے اکاؤنٹس سے اس ویڈیو کو پھیلایا گیا ہے۔‘

’میں مریم نواز کے ساتھ مل چکی ہوں، مریم اورنگزیب سے کئی بار مل چکی ہوں، امیر مقام سے ملاقات کر چکی ہوں، ان کو تو سامنے نہیں لایا جاتا۔‘

حریم شاہ کا کہنا تھا کہ ’میں مریم اورنگزیب اور مریم نواز کے ساتھ اپنی ہزاروں ویڈیوز شیئر کر چکی ہوں لیکن آج تک پی ٹی آئی والوں نے تو نہیں پوچھا کہ میں ان کے ساتھ کیا کر رہی تھی۔‘

وزیر اعظم ہاؤس کے بارے میں سوال پر انھوں نے دعویٰ کیا: ’جی الحمد اللہ میں پی ایم ہاؤس جا چکی ہوں۔‘

یاد رہے کہ جس دفتر خارجہ کے جس ہال میں حریم شاہ نے یہ ویڈیو بنائی ہے وہیں حال ہی میں آئی ایس آئی چیف اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان سے آنے والے طالبان وفد سے مذاکرات کیے تھے۔

اس سے قبل حریم شاہ صحافی مبشر لقمان کے ذاتی جہاز کے ساتھ بھی اپنی مختصر ویڈیو شیئر کر چکی ہیں جس پر مبشر لقمان کی جانب سے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی کہا گیا تھا۔

حریم شاہ کی اس تازہ ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی ایک بار پھر پاکستانی سوشل میڈیا پر میمز کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور حریم شاہ کی تصویر کو کہیں عمران خان تو کہیں شاہ محمود قریشی کے ساتھ جوڑا جانے لگا ہے۔

اس حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ