قذافی سٹیڈیم میں تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے؟

تاریخ میں پہلی بار، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ان ایکشن دکھائی دے گی۔

دس روزہ دورے پر پاکستان آئی بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے علاوہ دو ایک روزہ میچ بھی کھیلے گی (پی سی بی)

تاریخ میں پہلی بار، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ان ایکشن دکھائی دے گی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 26 اکتوبر سے ہو رہا ہے۔

دس روزہ دورے پر پاکستان آئی بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے علاوہ دو ایک روزہ میچ بھی کھیلے گی۔

دونوں ٹیمیں 13 ماہ میں دوسری مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے گذشتہ سال اکتوبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا جہاں چار میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیلنے میں مصروف ندا ڈار سیریز میں شرکت نہیں کر رہی ہیں۔ تجربہ کار سپنر ثنا میر بھی بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی۔ دونوں کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میزبان ٹیم کے لیے اپنے نئے اور بیک اپ کھلاڑیوں کو آزمانے کا بہترین موقع ہے۔

پاکستان کو دسمبر میں ورلڈ چیمپئن شپ کے میچز کے لیے ملائشیا کے میدانوں میں انگلینڈ کی میزبانی کرنی ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول سیریز درحقیقت انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’بلے باز اور بولرز بھی بھرپور فارم میں ہیں‘

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف کا کہنا ہے کہ سیریز سے قبل 10 روزہ کیمپ میں فیلڈنگ پر خاص توجہ دی گئی۔ سکواڈ میں شامل بلے باز اور بولرز بھی بھرپور فارم میں ہیں۔

بسمعہ معروف کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز پاکستان کے لیے سیزن اوپنر کی حیثیت رکھتی ہے جو آئندہ چھ ماہ کے دوران انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول سیریز کی تیاریوں میں مدد دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار قذافی سٹیڈیم میں انٹرنیشنل ویمنز کرکٹ میچ کے انعقاد پر تمام کھلاڑی پرجوش ہیں اور بہترین نتائج کے لیے سخت محنت کریں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تاریخی موقع پر ویمنز کرکٹ کو سپورٹ کرنے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد سٹیڈیم کا رخ کرے گی۔

’پاکستان ٹیم ہوم گراؤنڈ پر آسان حریف نہیں ہے‘

بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان سلمہ خاتون نے کہا کہ پاکستان ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر آسان حریف نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایک بار پھر پاکستان آمد پر خوش ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہمیشہ سخت مقابلہ ہوتا ہے۔

سلمہ خاتون نے کہا کہ سیریز کے لیے متوازی سکواڈ موجود ہے۔ تمام کرکٹرز ایک یونٹ بن کر سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔

سکواڈز

پاکستان کی ٹیم میں بسمعہ معروف(کپتان)،عالیہ ریاض، سدرہ نواز، ناہیدہ خان ، ڈیانا بیگ،جویریہ خان سمیت سدرہ امین، عائشہ ظفر، عمیمہ سہیل، ارم جاوید،ثناء میر، صبا نذیر، سعدیہ اقبال، کائنات امتیاز اور انعم امین شامل ہیں۔

جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم سلمہ خاتون (کپتان)، عائشہ رحمٰن، ایکا مولک، فرگانہ حق، جہان آرا ءعالم،خدیجہ الکبرہ، لتا موندل، نگار سلطانہ، پنا گوش، رومانہ احمد، سنجیدہ اسلام،شمیم سلطانہ،شانجیدہ اختر، شرمین اختراورشرمین سلطانہ پر مشتمل ہوگی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 26 اکتوبر، دوسرا 28 اکتوبر اور تیسرا 30 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ ایک روزہ میچز دو نومبر اور چار نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ