ذہنی دباؤ سے کیسے بچا جائے؟

یہ مشورے یا ٹوٹکے جدید نفسیات اور صحت کے ماہرین کے تجویز کردہ ہیں اور راقم نے پچھلے چند سالوں میں مختلف ذرائع سے پڑھے اور آزمائے ہیں۔ ان پر عمل کرنے سے نہ صرف آپ ذہنی دباؤ سے چھٹکارا پا سکیں گے بلکہ آپ کی زندگی میں بہت سی مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔

ہمیشہ مسکرائیں، بچوں کے ساتھ کھیلیں، انہیں گدگدی کریں، بارش میں نہائیں، پالتو جانور رکھیں، اندھیری رات میں ستاروں کو دیکھیں، شاعری پڑھیں، کوئی گیت گنگنائیں، پھول سونگھیں، پکنک پہ جائیں، درخت لگائیں اور پرندوں کو دانہ دنکا ڈالیں (اے ایف پی)

جدید زندگی میں جہاں ہمیں بہت سی سہولیات حاصل ہیں، وہیں ہمیں شدید ذہنی تناؤ کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس تناؤ کی بہت سی وجوہات ہیں لیکن آج ہم ان وجوہات پر بات نہیں کریں گے بلکہ آپ کو چند ایسے مشورے دیں گے جن پر عمل کرکے ذہنی تناؤ سے بہت حد تک بچا جا سکتا ہے۔

یہ مشورے یا ٹوٹکے جدید نفسیات اور صحت کے ماہرین کے تجویز کردہ ہیں اور راقم نے پچھلے چند سالوں میں مختلف ذرائع سے پڑھے اور آزمائے ہیں۔ ان پر عمل کرنے سے نہ صرف آپ ذہنی دباؤ سے چھٹکارا پا سکیں گے بلکہ آپ کی زندگی میں بہت سی مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔ یہ مشورے درج ذیل ہیں:

۔ اپنی زندگی کے اہداف طے کریں- ان اہداف کو سالوں اور مہینوں میں تقسیم کریں اور روزانہ کی بنیاد پر انہیں حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

- آپ کا وقت بہت قیمتی ہے، اسے دانش مندی سے استعمال کریں۔ کھانا مخصوص وقت پر کھائیں اور روزانہ ایک وقت پر سونے کی کوشش کریں۔ کم از کم سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند لیں۔

 ۔ اپنی جسمانی اور جذباتی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ اتنا کھائیں جتنا ضروری ہو، میٹھے سے مکمل پرہیز کی کوشش کریں۔ صحت مند وزن برقرار رکھیں۔

- صبح جلدی اٹھیں۔ سورج نکلنے سے کم از کم آدھا گھنٹہ پہلے اٹھنا بہت مفید ہوگا۔ اٹھتے ہی نہار منہ جتنا پانی پی سکتے ہیں پی لیں اور صبح کی سیر کے لیے نکل جائیں۔

۔ اپنی زندگی میں ایک ترتیب لانے کی کوشش کریں۔ ایک اچھا معمول بنائیں اور اسے روزانہ کی بنیاد پر دہرانے کی کوشش کریں۔ روزانہ ورزش کی عادت اپنائیں۔

۔ ناں کہنے کی عادت ڈالیں۔ آپ ہر کسی کو خوش نہیں کر سکتے اس لیے دوسروں کی خوشی کی خاطر اپنی زندگی کو جہنم مت بنائیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

۔ منفی خیالات رکھنے والے لوگوں سے دور رہیں کیونکہ ان کی صحبت آپ کو ذہنی پریشانی کا شکار کر دے گی۔ اگر آپ نے کوئی بری عادت اپنا لی ہے تو اسے چھوڑنے کی کوشش کریں۔

۔ اپنے اہم کاغذات (شناختی کارڈ، پاسپورٹ، تعلیمی اسناد وغیرہ) کی فوٹو کاپی بنا کے اپنے موبائل اور اپنی ای میل کے ایک فولڈر میں محفوظ کرلیں تا کہ جب چاہیں، انہیں استعمال کر سکیں۔ چابیوں کی ڈپلیکیٹ بنوا کے رکھیں۔

۔ آپ جو کام خود نہیں کرسکتے، اس میں دوسروں کی مدد لینے میں کوئی حرج نہیں۔ اسی طرح بڑے کاموں کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کرکے انہیں مکمل کرنے کی کوشش کریں۔ رات سونے سے پہلے اگلے دن کرنے والے کاموں کی ایک فہرست بنا لیں۔ جو کام آج کر سکتے ہیں، اسے آج ہی کر ڈالیں۔

۔ اپنی یادداشت پر بھروسہ کم کرکے چیزوں کو لکھ لیا کریں۔ چاہے یہ بازار سے خریداری کی فہرست ہو یا آج یا کل کرنے والے کام، انہیں لکھ لینا بہتر ہوگا۔

۔ لوگوں سے اچھی بات کہیں اور خواہ مخواہ ان پر تنقید نہ کریں۔ خود سے بھی منفی باتیں مت کریں۔ لوگوں کا اور اپنا حوصلہ بڑھاتے رہیں۔ مان جائیں کہ آپ کے پاس ہر سوال کا جواب نہیں ہو سکتا۔

۔ آہستہ آہستہ سانس لینے کی مشق کریں۔ اپنی ذاتی خوبصورتی پر توجہ دیں۔ خود پر یقین رکھیں۔

۔ غیر مشروط محبت کی اہمیت کو مانیں اور غیر مشروط محبت بانٹیں۔ اپنے قریبی لوگوں، پسندیدہ مقامات اور پیاری چیزوں کا ایک نیٹ ورک بنائیں اور اسے قائم رکھنے کی کوشش کریں۔

۔ آپ کا کم از کم ایک دوست ایسا ہو جس سے آپ دل کی ہر بات کہہ سکیں۔ خود کو دوسروں کی بات سننے کا عادی بنائیں۔ ایک اچھے سامع کو ہر جگہ خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

۔ گھر کے کمروں کی صفائی کریں اور غیر ضروری اشیا کو پھینک دیں۔ کسی دن کام سے، اجازت لے کے، جلدی چھٹی کر لیں، فٹ بال یا کسی اور کھیل کو دیکھنے کے لیے میدان میں جائیں اور خوب چلا کے داد دیں۔

۔ زیادہ فٹنگ والے کپڑے اور جوتے پہننے سے گریز کریں چاہے آپ کو فیشن پر کسی حد تک سمجھوتہ ہی نہ کرنا پڑے۔

۔ کسی دور دراز دوست کو خط/ ای میل/ پیغام لکھیں اور کسی شام موم بتی کی روشنی میں کھانا کھائیں۔

۔ دوسروں کو ٹھیک کرنے کی کوشش کرنا چھوڑ دیں۔ دوسروں کی دل کھول کے تعریف کریں۔

۔ ہمیشہ مسکرائیں، بچوں کے ساتھ کھیلیں، انہیں گدگدی کریں، بارش میں نہائیں، پالتو جانور رکھیں، اندھیری رات میں ستاروں کو دیکھیں، شاعری پڑھیں، کوئی گیت گنگنائیں، پھول سونگھیں، پکنک پر جائیں، درخت لگائیں اور پرندوں کو دانہ دنکا ڈالیں۔

۔ زندگی اک خوبصورت تحفہ ہے۔ اپنی اور اپنے اردگرد کے لوگوں کی زندگی کو مزید خوبصورت بنانے کی کوشش کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ