کراچی کو صوبہ بنانے کے مطالبے پر سندھی قوم پرست سراپا احتجاج

اتوار کو سندھ گورنر ہاؤس کے سامنے عوامی ریلی نکالی جائے گی جس میں وفاق کو خبردار کیا جائے گا کہ وہ ایسے منصوبے کا تصور کرنا چھوڑ دے، چیئرمین سندھ ترقی پسند پارٹی ڈاکٹر قادر مگسی۔

سندھ کی قوم پرست جماعت، سندھ ترقی پسند پارٹی، کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی حالیہ دنوں میں متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)  کی جانب سے کراچی کو صوبے کا درجہ دینے کے مطالبے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ’کراچی، سندھ ہے، امن مارچ‘ کے نام سے حیدرآباد سے مارچ کرکے کراچی پہنچے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا: ’ہم ایسے مطالبے کو سندھ کی وحدت کے خلاف سمجھتے ہوئے شدید احتجاج کرتے ہیں اور کبھی بھی اس مطالبے کو نہیں مانیں گے۔‘

سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے کل اتوار کو سندھ گورنر ہاؤس کے سامنے عوامی ریلی نکالی جائے گی جس میں وفاق کو خبردار کیا جائے گا کہ وہ ایسے منصوبے کا تصور کرنا چھوڑ دے۔

ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا: ’کراچی کے عوام بھی سندھی ہیں اور ان پر فرض ہے کہ وہ سندھ کی وحدت اور سالمیت کے لیے گورنر ہاؤس پر ہمارے مظاہرے کا بھرپور حصہ بنیں۔ ہم اردو بولنے والوں کو سندھ کا حصہ سمجھتے ہیں اور ان کو بھی اپنے ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے۔‘

ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ’ایم کیوایم نے دہشت کا راج کمزور ہونے کے بعد نئی چالبازیاں شروع کر دی ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا دعویٰ تھا کہ  پچھلے تین ماہ میں سندھ  کو توڑنے کی دو کوششیں کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر قادر مگسی کے بقول: ’ایک حملہ 1973 کے آئین کے آرٹیکل 149 کے تحت کراچی کو براہ راست مرکز کے سپرد کرنے کی تجویز  تھا۔ یہ کہا گیا کہ وزیراعظم گورنر کی زیر نگرانی انتظامی کمیٹی بنائیں جو کراچی کے معاملات دیکھے۔‘

 قادر مگسی کا کہنا تھا کہ دوسری کوشش ایم کیوایم کے وزیر قانون فروغ نسیم کی جانب سے کی گئی اورآرٹیکل 239 میں ترمیم کے لیے قومی اسمبلی میں بل پیش کیا گیا جس میں تجویز دی گئی کہ نئے صوبے بنانے کے لیے صوبائی اسمبلیوں سے قرارداد کی منظوری کا اختیار ختم کر دیا جائے اور قومی اسمبلی قانون منظور کر کے ملک میں نئے صوبے بنا دے۔

انہوں نے حکومت سے مطابلہ کیا کہ جب یہ بل بحث کے لیے قومی اسمبلی میں آئے تو اسے رد کر دیا جائے۔

سندھ ترقی پسند پارٹی گورنر ہاؤس کے سامنے ریلی کے لیے پچھلے نو دنوں سے کراچی کے ملیر، کورنگی، اورنگی، عزیز آباد، لالو کھیت، چکرا گوٹھ، ڈیفنس، لیاری اور دیگر علاقوں میں ریلیاں نکال کر عوام سے مطالبہ کر رہی کہ اس ریلی میں کراچی کی عوام بھی بھرپور شرکت کرے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان