پاکستان کی وہ پانچ اداکارائیں جنہوں نے گلوکاری بھی کی

موجودہ دورمیں جہاں عام انسان کسی بھی شعبے کی مہارت حاصل کر کے اس کا ماہر کہلانا چاہتا ہے وہیں شوبز میں فنکاروں سے یہ امید کی جاتی ہے کہ وہ ہر فن مولا ہوں

شوبز کی دنیا میں آل راونڈر بنا ناصرف شوق کی بات ہے بلکہ ضرورت بھی ہے۔ تصاویر- انسٹا گرام

موجودہ دورمیں جہاں عام انسان کسی بھی شعبے کی مہارت حاصل کر کے اس کا ماہر کہلانا چاہتا ہے وہیں شوبز میں فنکاروں سے یہ امید کی جاتی ہے کہ وہ ہر فن مولا ہوں۔ 

ان توقعات کے نتیجے میں بہت سی تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں۔ بہت سے ماڈل اداکاری کی طرف آئے ہیں۔ ایسے بہت سے گلوکار ہیں جنہوں نے گانے کے ساتھ اداکاری بھی شروع کر دی ہے۔

اس صورت حال میں جب ہر فنکار چاہتا ہے کہ وہ بہت سے کام کرے، ہر ممکن طریقے سے اپنے فن کا افق وسیع کرے، تو پھر ظاہر ہے کہ بہت سے اداکار بھی ایسے ہوں گے جنہوں نے گلوکاری کے میدان میں اپنے آپ کو آزمانا شروع کیا ہے۔

فی الوقت ہم پاکستان کی پانچ ایسی اداکاراؤں کے بارے میں بات کرتے ہیں جو اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی نبرد آزما رہی ہیں۔

ہانیہ عامر

علی رحمان خان اور ارمینا خان کے ساتھ 2016 میں اپنی پہلی فلم 'جاناں' میں کام کرنے والی ہانیہ عامر پچھلے برس پاک فضائیہ کی  'فلم پرواز ہے جنون' میں نظر آئیں۔

اس فلم کو نقادوں کے ساتھ ساتھ باکس آفس کی طرف سے اچھی کوشش قرار دیا گیا۔

ہانیہ عامر نے ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا۔ ان کے چند مشہور ڈراموں میں 'مجھے جینے دو'، 'پھر وہی محبت' اور 'وصال' شامل ہیں۔

اداکارہ ہانیہ عامر حال ہی میں گلوکاری کی طرف مائل ہوئی ہیں۔

ہانیہ عامر نے اداکاری کے علاوہ اپنے نئے آنے والے ڈرامہ سیریل 'انا' کا ٹائٹل سونگ گایا ہے۔

' پیار تم سے مگر' نامی اس گانے میں ان کے ساتھ مرد گلوکار ساحر علی بگا ہیں۔

گلوکاری کے میدان میں ان کی اس پہلی کوشش کو ناکام تو نہیں قرار دیا جا سکتا لیکن ساحر علی بگا کے سریلی اور ماہر آواز کے سامنے ہانیہ عامر کی گائیکی کچھ دب سی گئی ہے۔ موجودہ حالات میں نے انہیں یہی مشورہ دیا جاسکتا ہے کہ وہ اپنی اداکاری پر توجہ مرکوز رکھیں اور ایک بار اس میں کامیاب ہو کر ہی گلوکاری کی طرف آئیں۔

حرا مانی

ڈرامہ سیریل 'ٹھیس' کے مرکزی گانے میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی اداکارہ حرا مانی پہلے بھی اچھی گلوکارہ مانی جاتی ہیں۔

 حرا مانی بہت سے ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔ 'یقین کا سفر'، 'پگلی'، 'میرا خدا جانے' اور 'دل موم کا دیا' ان کے مشہور ڈرامے ہیں۔

آج کل وہ 'آنگن' اور 'بندش' نامی ڈراموں میں کام کر رہی ہیں۔  

دیکھا جائے تو یہ ان کے لیے بہترین وقت ہے جب انہیں گلوکاری میں اپنے آپ کو منوانے کے لیے مزید کوشش شروع کردینی چاہیے۔

سجل علی

حال ہی میں محمد احتشام الدین کے ڈرامے آنگن میں اداکاری کرنے والی سجل علی پچھلے کئی برس سے ایک مشہور اداکارہ ہیں۔

ان کے مشہور ڈراموں میں 'گل رعنا'، 'او رنگ ریزا' اور 'یقین کا سفر' شامل ہیں۔

سجل علی ہندوستانی سینیما کے لیے بھی کام کر چکی ہیں۔

 2017 میں عدنان صدیقی اور آنجہانی سری دیوی کے ساتھ فلم ’موم‘ میں ان کی اداکاری کو بالی وڈ میں بھی سراہا گیا۔

2017 ہی میں اداکارہ سجل علی نے موسیقار ساحر علی بگا کے ساتھ ڈرامہ سیریل 'او رنگ ریزا' کے مرکزی گانے میں اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

مذکورہ ڈرامے میں ان کی عمدہ گلوکاری کے بعد یہ امید کی جا سکتی ہے کہ اگر انہوں نے گلوکاری کو سنجیدگی سے سیکھنے کی کوشش کی تو وہ اس میدان میں بھی خاطر خواہ کامیابی حاصل کریں گی۔

مہوش حیات

مہوش حیات پاکستان میں صف اول کی اداکارہ مانی جاتی ہیں۔

اگرچہ وہ کچھ عرصے سے پاکستانی ڈراما اور فلم انڈسٹری میں موجود ہیں لیکن ان کی پہلی سپرہٹ فلم 'جوانی پھر نہیں آنی' کہلائی جاتی ہے۔

اس دوران انہوں نے 'دل لگی' اور بہت سے دوسرے کامیاب ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا۔

'ایکٹر ان لا' اور 'میں پنجاب نہیں جاؤں گی' میں انہوں نے ہمایوں سعید کے مقابل بہت عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔  

حالیہ فلم 'لوڈ ویڈنگ' میں بھی ان کی اداکاری کو نقادوں نے سراہا ہے۔

2016 میں گلوکار شیراز اپل کے ساتھ کوک سٹوڈیو کے سیزن نائن کا ایک گانا گانے سے پہلے بھی اداکارہ مہوش حیات مختلف پروگراموں میں گلوکاری کا مظاہرہ کر چکی تھیں۔

حال ہی میں انہوں نے حویلی بارود خانہ میں راحت فتح علی خان کے ساتھ چند گانوں پر بہت شاندار گلوکاری کا مظاہرہ کیا۔

کل ملا کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ مہوش حیات ان اداکاراؤں میں سے ہیں جنہیں اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری میں بھی خداداد صلاحیت حاصل ہے۔

عروہ حسین

عروہ حسین موجودہ دور کی ایک کامیاب اداکارہ ہیں۔ آج کل وہ اپنی فلم 'ٹچ بٹن' کی تیاری میں مصروف ہیں۔

 2017 میں انہوں نے ڈرامہ سیریل 'او رنگ ریزا' میں بھی اپنی عمدہ اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

 ڈرامہ سیریل اڈاری میں احسن خان اور فرحان سعید جیسے منجھے ہوئے اداکاروں کے مقابلے میں ان کا کردار اور اداکاری بہت پسند کی گئی تھی۔

فلم 'نامعلوم افراد' کے دونوں حصوں میں بھی عروہ حسین نے عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا۔

'پنجاب نہیں جاؤں گی' میں انھوں نے دردانہ کا کردار ادا کیا تھا جسے فلم بینوں میں بہت سراہا گیا تھا۔

2016 میں عروہ حسین نے ایک گانا 'آؤ لے کر چلوں' ریلیز کیا تھا جسے کوئی خاص کامیابی نہیں ملی۔

اس کے بعد عروہ حسین نے اپنی تمام توجہ دوبارہ اداکاری پر مرکوز کر دی تھی اور وہ اس میدان میں ہمیشہ کی طرح کامیاب ہی رہیں۔

ماضی میں بھی بہت سی اداکارائیں گلوکاری کی طرف راغب رہیں۔ ثریا، وجینتی مالا اور نور جہاں سے شروع ہونے والی اس فہرست میں مادھوری ڈکشٹ، پریانکا چوپڑا، عالیہ بھٹ اور شردھا کپور کے نام بھی شامل ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی