جب جمائما نے مفتی کو ٹرول کیا

جمائما نے مفتی کفایت اللہ کو ٹرول کرتے ہوئے اس ویڈیو کو ری ٹویٹ کیا اور اس پر ’وکی لیکس‘ کا ہیش ٹیگ جما دیا۔

عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کے ٹوئٹر پر 30 لاکھ سے زائد فالورز ہیں (اے ایف پی)

ٹوئٹر ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں روز ہی کچھ ایسا چل رہا ہوتا ہے جو یا تو بہت مزاحیہ ہوتا ہے اور آپ کا پورا دن ہی اس بارے میں کی جانے والی ٹویٹس اور بنائی جانے والی میمز پر ہنستے ہوئے گزر جاتا ہے یا کچھ ایسا سنجیدہ جو آپ کو پریشان کن حد تک سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے۔

ایسا ہی کچھ اس وقت ہوا جب جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے ایک ٹی وی پروگرام میں وکی لیکس کے وکی (جو کہ کوئی حقیقی کردار نہیں ہیں) کو جمائما گولڈ سمتھ کا کزن قرار دے دیا۔ یہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی ٹوئٹر صارفین نے اس بات پر میمز بنانے اور مزاحیہ ٹویٹس پوسٹ کرنا شروع کر دیں لیکن یہ سلسلہ اپنے عروج پر تب پہنچا جب جمائما گولڈ سمتھ بھی اس میں کود گئیں۔

انہوں نے مفتی کفایت اللہ کو ٹرول کرتے ہوئے اس ویڈیو کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے اس پر ’وکی لیکس‘ کا ہیش ٹیگ جما دیا۔ جمائما نے اس بارے میں کئی طنزومزاح سے بھرپور ٹویٹس کیں۔

عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کے ٹوئٹر پر 30 لاکھ سے زائد فالورز ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جمائما نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا: ’جو اردو نہیں سمجھتے ان کے لیے اطلاع ہے کہ میرا ایک کزن ہے جس کا نام وکی ہے اور اسی نے وکی لیکس کی تھیں۔ جو ایک صیہونی سازش ہے اور عمران خان کے صیہونی ایجنڈے کی حمایت کر رہا ہے۔ ایسا ایک نام نہاد اسلامی سکالر کہہ رہے ہیں کہ وکی جمائما کا کزن ہے۔‘ جس کے بعد انہوں نے کافی سارے ہنسنے والے ایموجی بھی بنائے۔

لیکن یہ سلسلہ یہاں ختم نہیں ہوا۔ جمائما کی اس ٹویٹ کو جمعہ کی صبح تک 29 ہزار سے زائد لائکس مل چکے ہیں۔ جمائما نے اس بارے میں مزید ٹویٹس کرتے ہوئے بھی ’وکی لیکس‘ کا ہیش ٹیگ اور الفاظ استعمال کیے۔

ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’انتظار کریں جب ان کو پتہ چلے گا کہ پاناما لیکس اور وکی پیڈیا بھی میرے کزن ہیں۔‘

مفتی کفایت اللہ جب اگلے روز ایک اور ٹی وی پروگرام میں مہمان بنے تو انہوں نے اپنے دعوے کو دہرایا۔

اس پروگرام کی ویڈیو جمائما نے دیکھی اور انہوں نے ایک بار پھر ’وکی لیکس‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ’نئی خبر ملی ہے کہ وکی لیک ایک یہودی اور یہودی ایجنٹ ہے، اور اس سازش میں جمائما کے ساتھ عمران خان اور ہنری کسنجر شامل ہیں۔‘ (اگر ویڈیو کو غور سے دیکھا جائے تو مفتی کفایت اللہ ہنری کسنجر کے بجائے ہیلری کسنجر کہہ رہے ہیں، جو کہ وکی لیکس کے ’وکی‘ کی طرح کوئی حقیقی فرد نہیں ہیں۔ غالباً وہ دو سابق امریکی وزرائے خارجہ ہیلری کلنٹن اور ہنری کسنجر کو ایک فرد سمجھ رہے تھے۔)

جس کے بعد ٹوئٹر پر جاری طنزومزاح کے طوفان میں مزید شدت آگئی، لوہا گرم دیکھتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے ٹویٹ کی کہ ’اگر وکی جمائما کے کزن ہیں تو ہالی وڈ اداکار ون ڈیزل کس کے کزن ہیں؟‘ان کا اشارہ کس جانب ہے یہ تو شاید علی زیدی خود ہی بتا سکتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ