سندھ میں عوامی سطح پر سماء ٹیلی ویژن کا بائیکاٹ

ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ عوامی سطح پر کسی ٹیلی ویژن چینل کا بائیکاٹ ہوا ہے۔

تصویر بشکریہ سماء ٹیلی ویژن

پاکستان کے صوبہ سندھ میں سوشل میڈیا پر سخت رد عمل سامنے آنے کے بعد کئی شہروں میں بطور احتجاج نجی نیوز چینل سماء کی نشریات بند کر دی گئی ہیں۔ جئے سندھ تحریک کے رہنما ارشاد رانجھانی کے قتل کے خلاف جاری احتجاج کو مبینہ طور پر غلط رنگ دینے پر لوگوں میں ناراضی پائی جاتی تھی۔

کراچی میں چھ جنوری کو جئے سندھ تحریک کراچی ڈویژن کے صدر ارشاد رانجھانی فائرنگ میں ہلاک ہو گئے تھے۔ لانڈھی سے یونین کونسل کے چیئرمین رحیم شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ارشاد نے ان سے رقم چھیننے کی کوشش کی اور انہوں نے فائرنگ کی جس میں رانجھانی ہلاک ہو گئے۔

ارشاد رانجھانی کی سڑک پر زخمی ہو کر تڑپنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل رہی جس پر سندھ بھر میں قوم پرست جماعتوں، ادیبوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں ملزم رحیم شاہ کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں پالیسی بیان دیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کو پولیس سٹیٹ بننے نہیں دیں گے، اگر کوئی مجرم بھی ہے تو اس کو ہپستال پہنچانا لازمی ہے۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کو ہٹانے کا بھی اعلان کیا۔

مراد علی شاہ کے اس بیان کو سماء ٹی وی نے شہ سرخیوں میں شامل کیا اور اسے ایک عجیب فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ  ’جب ڈاکو مارا گیا تو وزیراعلیٰ کو  اے آئی جی یاد آگیا جب امل مری کی جان گئی تو کسی کو ہوش نہ آیا۔‘

فیس بک اور ٹوئٹر پر سماء کی اس رپورٹ کو نفرت انگیز اور تعصب پر مبنی قرار دیا گیا اور لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سماء کا بائیکاٹ کریں۔ یہ میسج وٹس اپ گروپس میں بھی تیزی کے ساتھ پھیل گیا، جن میں سماء ٹی وی کے سکرین شاٹس بھی شیئر کیے گئے۔ نتیجے میں کئی شہروں میں کیبل آپریٹروں نے سماء کی نشریات معطل کر دیں۔

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کی سندھی آبادی قاسم آباد میں کیبل آپریٹر ریاض ملاح کا کہنا ہے کہ انہوں نے سماء کی مکمل نشریات بند کر دی ہے ان کے پاس ایک لاکھ سے زائد کنیکشن ہیں۔ ’سما کی نشریات اس وقت تک معطل رہے گی جب تک سندھ کیبل آپریٹرز  ایسوسی ایشن اس کی بحالی کا اعلان نہیں کرتی۔‘

سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کے کیبل آپریٹر عرفان کلہوڑو کا کہنا تھا کہ سماء کے سندھ دشمن رویے کے خلاف اس کی نشریات بند کر دی تھیں، لیکن بعد میں ان کے ایک دوست جو سماء ٹی وی میں کام کرتے ہیں، ان کی وضاحت کے بعد نشریات بحال کر دی گئی ہیں۔

سندھ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق سندھ کے 50 سے زائد چھوٹے بڑے شہروں میں سماء کی نشریات معطل ہیں۔

تنظیم کے صدر سید سکندر علی شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نشریات اس وقت تک بند رہیں گی جب تک سماء ٹی وی معذرت نہیں کرتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے علاقوں کورنگی، گلشن حدید اور اورنگی میں بھی سماء کی نشریات بند ہیں۔

یاد رہے کہ ایسا پہلی بار ہوا کہ عوامی سطح پر کسی چینل کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا۔ اس سے قبل قوم پرست جماعتیں پاکستان کے قومی اردو میڈیا میں قوم پرست جماعتوں کو کوریج نہ دینے کی شکایت کرتی رہی ہیں۔

سماء ٹی وی کے نیوز ڈائریکٹر فرحان ملک سے جب رابطہ کیا تو انہوں نے اس پر بات کرنے سے معذرت کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان