دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکا کرکٹ نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی تصدیق کر دی۔

توقع ہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں  شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے: سری لنکن کرکٹ چیف (اے ایف پی)

 دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی آئندہ ماہ دسمبر میں ہو رہی ہے جب سری لنکا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز یہاں کھیلے گا۔ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جانے والے ان ٹیسٹ میچوں میں منتظمین سخت مقابلے اور شائقین کے زبردست جوش و خروش ک توقع کر رہے ہیں۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ابتدائی طور پر سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز اکتوبر میں کھیلنا تھی تاہم مہمان ٹیم نے سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینے کی غرض سے دسمبر میں شیڈول پاکستان کے خلاف محدود فارمیٹ کی سیریز کو ٹیسٹ سیریز سے تبدیل کر دیا تھا۔

پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکا کرکٹ نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی تصدیق کر دی ہے۔

سیریز کے دوران سکیورٹی کے انتظامات اور شائقین سے کھچا کھچ بھرے سٹیڈیم کی صورت میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور کرکٹ سے محبت کرنے والی عوام کا جنون دیکھا گیا۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ یہ قومی کرکٹ کے لیے ایک شاندار خبر ہے جو اس بات کا ثبوت ہےکہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی ایک محفوظ ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ طویل فارمیٹ کی سیریز کے لیے ٹیم پاکستان بھجوانے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں۔ ذاکر خان نے کہا کہ یہ سیریز ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی سے متعلق کاوشوں کا نتیجہ ہےجس سے انہیں نوجوان نسل کو کھیل کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے بعد اب معیاری انتظامات کی تیاری کا آغاز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس سیریز کو یادگار بنانے کے لیےکرکٹرز، آفیشلز، میڈیا اور عوام کے لیے انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔

سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان کے  دورے کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے لیے حالات سازگار ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ وہ تمام ممالک کو ہوم سیریز انہی کے وطن میں کھیلنے کے حامی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ کی مکمل بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوش ہیں۔ چیف ایگزیکٹو سری لنکا کرکٹ نے کہا کہ کرکٹ میں پاکستان کی ایک قابل فخر  تاریخ رکھتا ہے، جس نے ابتدائی ایام میں سری لنکا کرکٹ کی بہت مدد کی۔

ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی پہلی سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جو برابر رہی جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا سے واپسی پر سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا جہاں شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

شیڈول:

11تا 15 دسمبر: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی

19تا23 دسمبر: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام نیشنل سٹیڈیم کراچی

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ