پی ایس ایل کا چوتھا سیزن: اس بار خاص کیا ہے؟

پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے سیزن کا آغاز ویلنٹائنز ڈے پر ہو رہا ہے

کریڈٹ: پی سی بی

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز کل سے متحدہ عرب امارت میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہونے جا رہا ہے۔

جمعرات کو پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں افتتاحی تقریب سے اس ٹی 20 لیگ کا باقاعدہ آغاز ہو گا جس میں پاکستانی اور غیر ملکی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

پاکستان سپر لیگ میں شامل تمام چھ ٹیمیں اپنی اپنی نئی وردیاں (کٹس) لانچ کر چکی ہیں جبکہ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے نئی ٹرافی کی بھی رونمائی کی جا چکی ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی چھ ٹیموں میں پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ گذشتہ تین سیزنز میں سے دو جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم ایک مرتبہ فاتح رہ چکی ہے۔

چوتھے سیزن کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس  مرتبہ 34 میں سے آٹھ میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے علاوہ دیگر 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے جن میں ابو ظہبی کو پہلی بار شامل کیا گیا ہے۔

شائقین کرکٹ کے لیے ایک اور اچھی خبر یہ ہے کہ اس بار زیادہ تر غیرملکی کھلاڑیوں نے پاکستان میں کھیلنے کے لیے رضامندی ظاہر کر رکھی ہے۔

اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کی افتتاحی تقریب میں حصہ لینے والوں میں میوزکل بینڈ جنون اور پٹ بل نمایاں نام ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر فنکاروں میں بونی ایم، فواد خان، ینگ دیسی، آئمہ بیگ اور شجاع حیدر شامل ہیں۔

گلوکاروں کی پرفارمنس کے بعد تمام چھ ٹیموں کے مکمل سکواڈ میدان میں آئیں گے جس کے بعد باقاعدہ طور پر پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کا آغاز ہو گا۔

پاکستان سپر لیگ کا ابتدائی میچ 14 فروری ہی کو دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور گذشتہ تینوں سیزنز کی سب سے آخری ٹیم لاہور قلندرز کے درمیان پاکستان کے وقت کے مطابق رات 10 بج کر 45 منٹ پر کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل