’بیلون ڈی اور‘ میسی کے نام، رونالڈو بہترین اطالوی کھلاڑی قرار

لیونل میسی دنیائے فٹ بال کے پہلے کھلاڑی بن گئے، جنہوں نے یہ اعزاز چھ مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل کرسٹیانو رونالڈو بھی یہ ایوارڈ پانچ بار اپنے نام کر چکے ہیں، وہ اس مرتبہ تیسرے نمبر پر رہے۔

دائیں جانب  لیونل میسی اپنے ’بیلون ڈی اور‘ ایوارڈ کے ہمراہ جب کہ بائیں جانب کرسٹیانو رونالڈو اپنے ’اٹالین لیگز پلیئر آف دی ایئر‘ ایوارڈ کے ساتھ (تصاویر: اے ایف پی)

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر لیونل میسی نے ڈچ کھلاڑی ورجل فن دیک کو شکست دے کر فٹ بال کا سب سے معتبر انفرادی ایوارڈ ’بیلون ڈی اور‘ اپنے نام کر لیا ہے۔

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد میسی دنیائے فٹ بال کے پہلے کھلاڑی بن گئے، جنہوں نے یہ اعزاز چھ مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والی ایوارڈز کی شاندار تقریب میں لیونل میسی کو اس اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل پرتگالی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو بھی یہ ایوارڈ پانچ بار اپنے نام کر چکے ہیں تاہم اس سال وہ تیسرے نمبر پر رہے اور انہوں نے اس تقریب میں شرکت بھی نہیں کی۔

لیور پول کے دفاعی کھلاڑی سیڈیو مینے نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

رواں برس مئی میں دسواں لیگا ٹائٹل جیتنے کے بعد 32 سالہ میسی اور ان کے بارسلونا کلب کے لیے یہ سال بھی متاثر کن رہا۔ اس وقت یہ کلب سپینش لیگ میں سرفہرست ہے۔

پیرس میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں گذشتہ سال کے فاتح لوکا موڈریک نے میسی کو ایوارڈ پیش کیا۔

امریکی کھلاڑی میگن ریپینو نے خواتین کیٹیگری میں ’بیلون ڈی اور‘ ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے خواتین کے عالمی کپ میں چھ گول کرکے امریکہ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انگلینڈ کی لوسی کانسی دوسرے نمبر پر آئیں۔

’بیلون ڈی اور‘ ایوارڈز کا انعقاد فرانس فٹ بال میگزین کرتا ہے اور دنیا بھر کے صحافیوں کے پینل کے ووٹوں سے فاتح کھلاڑی کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

رونالڈو کا ’اٹالین لیگز پلیئر آف دی ایئر‘ ایوارڈ

دوسری جانب میسی کے سخت حریف کرسٹیانو رونالڈو نے ’اٹالین لیگز پلیئر آف دی ایئر‘ ایوارڈ جیت لیا ہے۔

پرتگالی فٹ بالر کو میلان کے گرین گالا ڈیل کیلسیو میں ہونے والی پروقار تقریب میں اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ رونالڈو نے اُسی روز پیرس میں ہونے والی ’بیلون ڈی اور‘ کی ایوارڈ تقریب میں شرکت کی بجائے میلان میں ہونے والی تقریب کو ترجیح دی۔

رونالڈو نے اس تقریب میں شرکت کا فیصلہ ایوارڈ جیتنے کے اعلان کے ایک گھنٹہ بعد کیا۔ وہ دو گھنٹے کی تاخیر سے تقریب میں پہنچے اور اُس وقت تک اپنی گاڑی میں بیٹھے رہے جب تک ان کو ایوارڈ وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر نہیں بلایا گیا۔

ٹرافی اٹھانے کے بعد تقریب سے اطالوی زبان میں خطاب کرتے ہوئے رونالڈو کا کہنا تھا کہ  ’یہ ایوارڈ حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے۔ میں اپنی ٹیم کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

34 سالہ رونالڈو نے مزید کہا: ’میں اٹلی میں کھیل کر بہت لطف اندوز ہوتا ہوں۔ یہ بہت مشکل لیگ ہے۔ مجھے ووٹ دینے کے لیے سب کا شکریہ۔ میں اس سال بھی اپنے کلب کو کامیابی سے ہمکنار کرنا چاہتا ہوں۔‘

اطالوی تقریب میں پہلی بار خواتین کھلاڑیوں کو بھی ایوارڈز دیے گئے۔ روما اور اٹلی کی فارورڈ کھلاڑی مانیلا جیگلیانو کو پہلی بار اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اٹالین لیگز پلیئر آف دی ایئر ایوارڈز کے لیے فٹ بالرز، کوچز، ریفریوں اور صحافیوں کے ووٹ کے بعد فیصلہ کیا جاتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال