بلال اشرف ’سیکسی‘ مردوں میں ساتویں نمبر پر

برطانوی میگزین ایسٹرن آئی نے ریتک روشن کو نہ صرف 2019 بلکہ گذشتہ دہائی کا سب سے ’سیکسی‘مرد قرار دیا ہے۔

بلال اشرف رنگریزا، سپر سٹار اور جانان جیسی پاکستانی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں (ٹوئٹر/ بلال اشرف)

برطانوی میگزین ایسٹرن آئی نے پاکستانی اداکار بلال اشرف کو دنیا کا ساتواں ’سیکسی‘ مرد قرار دیا ہے۔ اس فہرست میں پہلا نمبر بھارتی اداکار ریتک روشن کا ہے جو نہ صرف 2019 بلکہ گذشتہ دہائی کے ’سیکسی‘ مرد قرار پائے ہیں۔

ایسٹرن آئی کی سالانہ فہرست دنیا بھر سے مداحوں کے ووٹوں، سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بننے، مثبت اثر اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے۔ دنیا بھر سے مداحوں کے ووٹوں کی مدد سے بنائی جانے والی اس فہرست سے ایک ساتھ پاکستانی اور بھارتی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کا آغاز ہوا۔

رواں سال پاکستانی اداکار بلال اشرف ساتویں نمبر پر آنے میں کامیاب ہوئے۔ وہ رنگریزا، سپر سٹار اور جانان جیسی پاکستانی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

ایسٹرن آئی کے مطابق بلال نے دنیا کے سیکسی مردوں کی فہرست میں شامل ہونے پر کہا ’مجھے اس فہرست میں شامل ہونے پر بہت خوشی ہے جس میں لیجنڈری شخصیات شامل ہیں اور جو ہر سال دنیا بھر کی توجہ حاصل کرتی ہیں۔ یہ میرے لیے بہت حیران کن ہے اور ایسی چیزوں سے آپ کی محنت اور کام سے لگاؤ قیمتی ہو جاتا ہے۔‘

بلال اشرف نے کہا ’اس سے مجھے ہمت ملے گی کہ میں اس شعبے میں مزید بہتر کام کروں، میں اس کے لیے بہت مشکور ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’سیکسی‘ مردوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ریتک روشن ہیں جنھیں گذشتہ دہائی کا سیکسی مرد بھی قرار دیا گیا۔ ریتک کے علاوہ دوسرے نمبر پر بھارتی اداکار شاہد کپور ہیں جو 2017 میں پہلے نمبر پر آئے تھے۔

ایسٹرن آئی میگزین کی فہرست میں شامل دیگر شخصیات میں پاپ سپر سٹار زین ملک چھٹے، اداکار محسن خان آٹھویں، کرکٹر وراٹ کوہلی نویں اور پرابھاس 10ویں نمبر پر ہیں۔

فہرست میں سب سے کم عمر 24 سالہ گلوکار ارمان ملک اور سب سے زائد عمر (53 برس) سلمان خان رہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی میگزین