امریکہ میں فائرنگ:’حملہ آور سعودی عوام کی ترجمانی نہیں کرتا‘

سعودی شاہ سلمان بن عبد العزیز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے امریکی بحری اڈے پر سعودی طالب علم کی فائرنگ سے تین افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی ہے۔

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پنساکولا کے بحری اڈے پر جمعے کو ایک سعودی طالب علم نے فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک کیا (اے ایف پی)

سعودی شاہ سلمان بن عبد العزیز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے امریکی بحری اڈے پر سعودی طالب علم کی فائرنگ سے تین افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی ہے۔

شاہ سلمان نے امریکی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کہا ہے کہ ’مجھے انتہائی افسوس کے ساتھ یہ اطلاع ملی ہے کہ ایک سعودی طالب علم نے مذموم اقدام کیا ہے جو سعودی عرب اور اس کے عوام کی کسی طور ترجمانی نہیں کرتا۔ سعودی عوام امریکہ کے لیے نیک جذبات رکھتے ہیں۔‘

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پنساکولا کے بحری اڈے پر جمعے کو ایک سعودی طالب علم نے فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک اور 11 دیگر کو زخمی کرنے کے بعد اپنی جان بھی لے لی۔

ادھر خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شدت پسندوں کے ذرائع ابلاغ پر نظر رکھنے والے ادارے سائٹ (SITE) کا کہنا ہے کہ امریکی بحری اڈے پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت محمد ال شمرانی کے نام سے ہوئی ہے جنھوں نے حملے سے قبل ٹوئٹر پر اپنے ایک مختصر بیان میں کہا تھا کہ ’میں برائی کے خلاف ہوں، اور امریکہ مجموعی طور پر ایک بری قوم بن چکی ہے۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’میں آپ کے خلاف اس لیے نہیں کے آپ امریکی ہیں، میں آپ کی آزادیوں کی وجہ سے آپ سے نفرت نہیں کرتا، میں آپ سے ہر دن اس لیے نفرت کرتا ہوں کیونکہ آپ نہ صرف مسلمانوں بلکہ انسانیت کے خلاف، جرائم، فنڈنگ کی حمایت کرتے ہیں۔‘

اس سے قبل حکام کی جانب سے بیس کو بند کر دیا کیا ہے اور رہائشیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس علاقے سے دور رہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مقامی حکام کے مطابق حملہ آور کی ’ہلاکت کی تصدیق‘ ہو چکی ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی شناخت ایک سعودی طالب علم کے طور پر ہوئی ہے جو بحری اڈے پر تربیت حاصل کر رہا تھا۔

دوسری جانب شاہ سلمان بن عبد العزیز نے سعودی سکیورٹی اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ امریکی بحری اڈے میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے امریکی حکام سے بھر پور تعاون کیا جائے۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مزید کہا کہ سعودی عرب اس غم کے لمحے میں امریکہ ساتھ کھڑا ہے۔ ’سعودی عوام اس شخص کی جانب سے اس طرح کے اقدام پر برہم ہیں، اور یہ شخص کسی بھی طرح سے سعودی عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرتا۔‘

اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی صارفین اسی طرح کے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ ’امریکی بحری اڈے پر حملہ کرنے والا ہماری نمائندگی نہیں کرتا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ