’افغانستان سے چار ہزار امریکی فوجیوں کی واپسی کا اعلان متوقع‘

امریکی میڈیا نے ٹرمپ انتظامیہ کے عہدے دار کے حوالے سے بتایا کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی اس ہفتے ہو سکتی ہے لیکن وقت میں تبدیلی ممکن ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ 28 نومبر، 2019 کو افغانستان میں بگرام ایئر بیس پر امریکی فوجیوں سے گفتگو کر رہے ہیں(اے ایف پی)

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اس ہفتے افغانستان سے تقریباً چار ہزار فوجی واپس بلانے کے منصوبے کا اعلان کرے گی۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے پہلے امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات شروع ہوئے تھے اور فریقین نے تشدد کے خاتمے حتیٰ کہ جنگ بندی کا راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی تھی۔

تاہم کابل کے شمال میں امریکی اہم ہوائی اڈے کے قریب جنگجو گروپ کے حملے میں دو شہریوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے پر واشنگٹن نے جمعرات کو طالبان کے ساتھ مذاکرات روک دیے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس وقت افغانستان میں 13 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔ امریکی ٹیلی ویژن این بی سی نے تین موجودہ اور سابق امریکی حکام کے حوالے سے خبر دی کہ ٹرمپ انتظامیہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں چار ہزار کی کمی کا ارادہ رکھتی ہے۔

دو امریکی عہدے داروں نے کہا کہ کچھ فوجیوں کو جلد ہی نئی جگہ تعینات کر دیا جائے گا جبکہ باقیوں کی تعیناتی کی مدت ختم ہونے کے بعد ان کی جگہ نئے فوجی نہیں بھیجے جائیں گے۔

سی این این نے ٹرمپ انتظامیہ کے عہدے دار کے حوالے سے بتایا کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی اس ہفتے ہو سکتی ہے لیکن وقت میں تبدیلی ممکن ہے۔

اتوار کو امریکی محکمہ خارجہ نے افغانستان میں اپنی فوج میں کمی کی اطلاعات پر تبصرے کے لیے اے ایف پی کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ