فواد چوہدری نے ’اوئے‘ کہہ کر آواز دی اور ہاتھ گھما دیا: مبشر لقمان

نیوز اینکر مبشر لقمان کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو شبہ تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو شکایت لگا کر انہیں وزارت اطلاعات سے ہٹوایا تھا، یہی بات تقریب میں تنازع کا باعث بنی۔

نیوز اینکر مبشر لقمان نے کہا ہے کہ گذشتہ دنوں صوبائی وزیر محسن لغاری کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے انہیں ’اوئے‘ کہہ کر آواز  دی اور پھر ایک ہاتھ گھما دیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں مبشر لقمان نے بتایا کہ فواد چوہدری کے ساتھ سفید لباس میں دو تین لوگ بھی تھے، جنہوں نے آکر انہیں پکڑ لیا تاکہ وہ کوئی ردعمل نہ دے سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔ ’میں نے عثمان بزدار کو شکایت کی تو انہوں نے کہا کہ ہم دیکھتے ہیں، تحقیق کرتے ہیں۔‘

مبشر لقمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی رابطہ کر کے معاملے کی تفصیل معلوم کی اور مذمت کی جب کہ فواد چوہدری نے بھی ایک مشترکہ دوست کے ذریعے صلح کا پیغام بھیجا ہے۔ تاہم مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ وہ فواد چوہدری کے خلاف قانونی کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا کہ تنازع کی وجہ ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ سے متعلق پروگرام میں ایک اینکر رائے ثاقب کے ساتھ گفتگو نہیں بلکہ وزیر اطلاعات بنتے ہی پی ٹی وی کے سابق ایم ڈی ارشد خان سے ہونے والا فواد چوہدری کا تنازع ہے۔

مبشر لقمان کے مطابق: ’اس وقت کیونکہ میں نے ان کے خلاف پروگرام کیے تھے اور ایم ڈی پی ٹی وی کے خلاف سازشیں کرنے پر ان کی مخالفت بھی کی تھی تو انہیں شبہ تھا کہ میں نے وزیر اعظم عمران خان کو شکایت لگا کر انہیں وزارت سے ہٹوایا ہے۔‘

مبشر لقمان نے کہا کہ فواد چوہدری واقعے کے بارے میں غلط بیانی کر رہے ہیں، انہوں نے کوئی ویڈیو نہیں مانگی اور نہ ہی ان سے اس بارے میں کوئی مکالمہ ہوا۔

مبشر لقمان کے مطابق: ’فواد چوہدری نے جان بوجھ کر ایسی جگہ پر حملہ کیا جہاں میرے بچپن کے دوست محسن لغاری کے بیٹے کی شادی کا دعوت ولیمہ تھا۔ انہیں تو خیال نہیں آیا، لیکن میں نے تقریب کو بد مزا کرنے کی بجائے وہاں موجود وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو شکایت نوٹ کرائی، جس پر انہوں نے معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا یقین دلایا۔ جب کہ میں پولیس کو بھی کارروائی کی درخواست دے چکا ہوں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان