ایران میں یوکرینی مسافر طیارہ گر کر تباہ، 176 افراد ہلاک

ایرانی سرکاری ٹی وی اور یوکرین کے حکام کے مطابق یوکرین انٹرنیشنل ایئر لائنز کا بوئنگ 737 طیارہ پرواز بھرنے کے بعد ایئرپورٹ کے قریب ہی گر گیا۔

بدھ کی صبح ایک یوکرینی مسافر بردار طیارہ تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے چند لمحوں بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 176 افراد ہلاک ہوگئے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی اور یوکرین کے حکام کے مطابق یوکرین انٹرنیشنل ایئر لائنز کا بوئنگ 737 طیارہ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ایئرپورٹ کے قریب گر گیا۔ 

ایرن کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے اسنا کی جانب سے شائع ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا کا سکتا ہے کہ گرنے سے پہلے ہی طیارہ میں آگ لگی ہوئی ہے۔

ایرانی ٹی وی رپورٹس کے مطابق غالب امکان یہ ہے کہ حادثے کی وجہ فنی خرابی تھی تاہم اس حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق یوکرینی صدر ولودیمیر زیلینسکی نے کہا کہ ’حادثے میں کوئی نہیں بچ سکا۔‘

ایک بیان میں انہوں نے کہا: ’میں طیارے کے مسافروں اور عملے کے ورثا کے غم میں شریک ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ یوکرین حادثے کی صورت حال اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایرانی سرکاری ٹی وی اور یوکرین کے وزیراعظم نے کہا کہ طیارے میں 167 مسافر اور عملے کے نو افراد سوار تھے۔ ایرانی ٹی وی کے مطابق طیارے میں 32 مسافر غیر ملکی تھے۔

ایران کے ایک ایوی ایشن اہلکار کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ طیارے کے پائلٹ نے ایمرجنسی ڈکلیئر نہیں کی۔

ایران کی ایمرجنسی سروسز کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے سرکاری ٹی وی کو بتایا: ’آگ اتنی شدید ہے کہ ہم ریسکیو کا کوئی کام نہیں کر سکتے۔ ہمارے پاس جائے وقوعہ پر 22 ایمبولینسیں، چار بس ایمبولنسیں اور ایک ہیلی کاپٹر ہے۔‘

ٹی وی پر چلنے والی فوٹیج میں طیارے کے ملبے اور جلتے ہوئے انجن کے ٹکرے میدان میں پھیلے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں جب کہ چہرے پر ماسک پہنے ریسکیو ارکان لاشوں کو باہر نکال رہے ہیں۔  

پروازوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق، فلائٹ پی ایس 752 یوکرین کے دارالحکومت کیف جا رہی تھی۔ 

بوئنگ کے ترجمان نے کہا کہ کمپنی کو ایران میں حادثے کی اطلاع مل گئی ہے اور وہ مزید معلومات جمع کر رہے ہیں۔

گذشہ سال دو حادثوں میں 346 افراد کی ہلاکت کے بعد مارچ میں بوئنگ نے اپنے 737 میکس کے فلیٹ کو گراؤنڈ کر دیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا