’میرے پاس تم ہو‘ کے رومی نے ڈرامہ ٹیم کو لُڈو کی عادت ڈال دی

شیث سجاد گل (رومی) کو اس انتہائی مقبول ڈرامے میں کیوں کاسٹ کیا گیا اور وہ آئندہ اداکاری کیوں نہیں کرنا چاہتے؟ جانیے اس خصوصی انٹرویو میں۔

اے آر وائی کے مشہور ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کے تمام اداکار منجھے ہوئے ہیں اور ڈرامے کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ اس کی سٹار کاسٹ بھی سمجھی جاتی ہے۔

اس ڈرامے میں ایک کردار جو سب کو بھا گیا وہ رومی کا تھا، جسے آٹھ سالہ شیث سجاد گل نے ادا کیا۔

اگر اس ڈرامے سے کوئی سٹار بن کر ابھرا ہے تو وہ شیث ہیں، جن کی معصومیت اور بھول پن نے پاکستان سمیت جہاں بھی یہ ڈرامہ دیکھا گیا ناظرین کو لطف اندوز کیا۔

شیث نے انڈٰپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ان کے والد کو جب اس ڈرامے کے لیے فون آیا تھا تو انھوں نے صرف اچھی ٹیم کی وجہ سے ہاں کی۔

شیث کے والد سجاد گُل عرف ساجی نے بتایا کہ دراصل فلم ’سات دن محبت اِن‘ کے ایک گانے میں شیث کے شہریار منور کے ساتھ چند سین تھے اور اس ڈرامے کی ٹیم میں بھی زیادہ تر اسی فلم کے لوگ تھے لہٰذا وہ شیث کو پہلے سے جانتے تھے۔

’بہرحال مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ (شیث) اتنا اچھا کام کرسکتا ہیں۔ میں نے تو ہدایت کار ندیم بیگ سے کہا تھا کہ اگر آپ ان سے کام کروا سکتے ہیں تو کروا لیں۔‘

شیث نے بتایا کہ انھیں ڈرامے میں کوئی زیادہ مشکلات پیش نہیں آئیں اور وہ تو اکثر سیٹ پر سو جایا کرتے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے کئی سین اسی دوران عکس بند ہوئے جب وہ سوئے ہوئے تھے اور انھیں اپنے وہی سین سب سے زیادہ پسند ہیں۔

شیث عرف رومی نے کہا کہ جاگنے والے مناظر میں ان کا من پسند سین وہ ہے جب وہ اپنی ماما کو ’پوپٹ‘ کہتے ہیں۔

شیث کے والد نے بتایا کہ ڈرامہ کوئی چھ مہینے کے دوران عکس بند ہوا اور شیث شوٹ پر زیادہ خوش رہتے تھے کیونکہ گھر میں تو کبھی کبھی ڈانٹ بھی پڑ جاتی ہے مگر شوٹ پر بہت خیال رکھا جاتا تھا۔

شیث نے بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے انھیں مکالمے یاد کروائے تھے مگر وہ کبھی کبھی بھول جاتے تھے۔

شیث نے ڈرامے کے سیٹ پر کئی افراد کو لوڈو سٹار کھیلنے پر بھی لگا دیا، ان کی سب سے زیادہ دوستی میک اپ آرٹسٹ سے رہی۔

ساجد نے، جوخود بھی ڈرامے کے مصنف ہیں، کہا کہ ایک دن یہ مجھے کہنے لگے آپ نے میرے لیے کچھ نہیں لکھا۔ ’اب میرا بیٹا مکمل طور پر اداکاروں کی طرح بات کرنے لگا ہے۔‘

شیث ڈرامے کی آنے والی اقساط کے بارے میں کسی کو کچھ نہیں بتاتے یہاں تک کہ اپنے والدین کو بھی نہیں۔

اتنا مقبول کردار ادا کرنے کے بعد بھی شیث کو اداکاری سے زیادہ لگاؤ نہیں اور وہ بڑے ہوکر سائنس دان بننا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وہ ڈراما تو کیا اشتہار میں بھی کام نہیں کرنا چاہتے لیکن والد کے کہنے پر کام کر لیتے ہیں۔

وہ اپنا ایک یوٹیوب چینل بھی چلاتے ہیں جس کے اب تک ایک لاکھ کے قریب سبسکرائبر ہوچکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی