پاکستانی کرکٹر جس نے بنگلہ دیش سیریز کے لیے بریانی کھانا چھوڑ دی

بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل کیے جانے والے احسان علی اور عماد بٹ شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

احسان علی بنگلہ دیش کے خلاف ’21‘ نمبر کی شرٹ پہن کر میدان میں اترنے کی خواہش  مند  ہیں (اے پی)

بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل کیے جانے والے  دو نوجوان کرکٹرز احسان علی اور عماد بٹ بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔  

بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آغاز میں صرف تین روز باقی رہ گئے ہیں اور سیریز کے   تینوں میچ  24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں ہوں گے۔

سیریز کے آغاز سے قبل دونوں کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود کو خصوصی انٹرویو دیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوجوان بلے باز احسان نے بتایا کہ وہ گذشتہ ایک مہینے سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سخت ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں اور ان کی فٹنس میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔

احسان  نے کہا کہ این سی اے میں ٹریننگ کے دوران ان کے ڈائٹ پلان اور روٹین میں واضح نظم و ضبط دیکھا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی نمائندگی کرنے والے احسان  نے پانچ میچوں میں 148.86 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 131 رنز بنائے تھے۔

احسان  نے انکشاف کیا  کہ انھوں نے سیریز سے قبل فٹنس کے لیے اپنی پسندیدہ خوراک ’بریانی‘کھانا ترک کردی ہے۔

نوجوان کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔’ بابراعظم، شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے نامور کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا ایک خواب کی مانند ہے۔‘

احسان نے بتایا کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف ’21‘ نمبر کی شرٹ پہن کر میدان میں اترنے کی خواہش مند ہیں کیونکہ وہ اپنی والدہ کی خواہش پر شروع سے’21‘ نمبر کی شرٹ پہننے کو ترجیح دیتے ہیں۔

2008 میں پاکستان انڈر 15 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے احسان آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2010 میں پاکستان کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ آل راؤنڈر عماد بٹ کا کہنا ہے کہ سبز ستارے والی شرٹ زیب تن کرنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔ 

 شان مسعود سے گفتگو میں آل راؤنڈر  نے واضح کیا کہ وہ کسی مخصوص نمبر کی شرٹ لینے کے خواہش مند تو نہیں مگر وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ڈیبیو کرنے کے لیے بیتاب ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ وہ آف سیزن میں بھی اپنی فٹنس کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ 

عماد نے کہا کہ شعیب ملک ان کے پسندیدہ کرکٹر ہیں اور وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ان کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

نوجوان آل راؤنڈر نے بتایا کہ گذشتہ سال اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف میچ جتوانا اب تک ان کے کیرئیر کا یادگار لمحہ ہے۔

 انھوں نے کہا کہ روایتی حریف کے خلاف آخری اوور میں آٹھ رنز کا دفاع کرنے سے ان میں خوداعتمادی بڑھی۔

24 سالہ عماد نے چند ماہ قبل نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2019 میں 10وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 170 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 80 رنز بھی سکور کیے تھے۔

14-2013 میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے عماد اب تک 36 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 167 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 49 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ