’تبدیلی ناکام بنانے کے لیے مافیا افراتفری کی باتیں کرتا ہے‘

اراکین پنجاب اسمبلی سے دوران ملاقات وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے منشور کا بنیادی عنصر کرپشن کا خاتمہ ہے لیکن ایک منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔(سکرین گریب)

لاہور میں آج پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب سے منتخب ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کے موقعے پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہماری انتظامی تبدیلی کو ناکام بنانےکے لیے جان بوجھ کر افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں۔‘

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آج لاہور پہنچے ہیں۔ اس ملاقات میں ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں میں عوام کے سماجی و ترقیاتی مسائل کے حل میں مشکلات سے انہیں آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملاقات کا مقصد عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مشکلات کے حل کے لیے ہدایات جاری کرنا تھا، ترقیاتی کاموں سے متعلق کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیاجائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہماری انتظامی تبدیلی کو ناکام بنانےکے لیے جان بوجھ کر افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں۔ اس حکومت کے دوران پہلی باربڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے ہیں لہٰذا واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ہم ہرگز دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ ہمیشہ چیلنجزکا سامنا کیا ہےاور آئندہ بھی کریں گے۔‘

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس رپورٹ کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ حکومت نے پہلے ہی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

امروز چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے سربراہ سہیل مظفر نے وضاحتی بیان جاری کیا کہ غلط اعداد و شمار دکھا کر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے اس بیان میں ان کا اشارہ ممکنہ طور پر اسی واقعے کی طرف تھا۔

وضاحتی بیان میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں کرپشن میں اضافہ نہیں ہوا اور موجودہ حکومت کے بدعنوانی کےخلاف اقدامات قابل ستائش ہیں۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے پاکستان میں کرپشن رپورٹ سے متعلق وضاحتی بیان میں سہیل مظفر نے مزید کہا کہ انڈیکس میں شامل ڈیٹا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا نہیں ہوتا۔ رپورٹ میں 13 مختلف ذرائع کے اعداد و شمار شامل ہوتے ہیں۔ پاکستان کا اسکور کم ہونا یہ ظاہر نہیں کرتا کہ کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کااسٹینڈرڈ مارجن بدستور 2.46 ہے۔

سہیل مظفر نے ایک اہم بات یہ بھی بتائی کہ رپورٹ کے لیے ڈیٹا 2015 سے2017 تک لیا گیا اور 2019 کا ڈیٹا رواں سال جاری کیا جائے گا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے بدعنوانی کے خلاف اقدامات قابل ستائش ہیں۔ موجودہ حکومت میں نیب کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے، کچھ اخبارات اور سیاستدانوں نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو غلط انداز میں بیان کیا۔

اراکین پنجاب اسمبلی سے دوران ملاقات وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے منشور کا بنیادی عنصر کرپشن کا خاتمہ ہے لیکن ایک منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے، یہ وہی عناصر ہیں جو دہائیوں سے مذموم مقاصد کے لیے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔

وزیر اعظم نے منتخب اراکین کو ہدایت کی کہ اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔

وزیراعظم عمران خان نے صوبائی حکومت، انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے درمیان رابطے اور نظام کی اہمیت پر زور دیا۔ 

دوران ملاقات وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ ’گذشتہ سال انتہائی مشکل سال تھا۔ ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا۔ الحمداللہ معیشت میں استحکام آ گیا ہے۔ ہم مشکل وقت سے گزر آئے ہیں۔ اب ہم نے روزگار فراہم کرنا ہے ، صنعتی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان