باسکٹ بال سٹار کوبی برائنٹ کی ہلاکت پر مداح سکتے میں

امریکہ کے باسکٹ بال لیجنڈ، اپنی نوعمر بیٹی اور سات دیگر افراد کے ساتھ کیلی فورنیا میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

کوبی برائنٹ  کی موت کی افسوس ناک خبر سن کر باسکٹ بال کھلاڑی اور مداح سکتے میں آگئے۔ (تصویر: اے ایف پی)

امریکہ کے باسکٹ بال لیجنڈ کوبی برائنٹ اور ان کی 13 سالہ بیٹی گیانا سمیت نو افراد اتوار کو ریاست کیلی فورنیا میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 41 سالہ باسکٹ بال کھلاڑی نجی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے جس میں ایمرجنسی لینڈنگ سے قبل آگ لگ گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عینی شاہدین نے بتایا کہ دوران پرواز ہیلی کاپٹر میں آگ لگی ہوئی تھی اور اس کے انجن سے دھماکوں کی آواز آرہی تھی۔

سکورسکی ایس۔ 76 ہیلی کاپٹر لاس اینجلس کے مغرب میں کالاباسا کے سنگلاخ پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔

حکام نے بتایا کہ آگ بجھانے والے عملے کے درجنوں ارکان اور طبی عملہ جائے حادثہ پر پہنچا لیکن ہیلی کاپٹر میں سوار کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا تھا۔

 نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات کے لیے 18 رکنی ٹیم کیلی فورنیا بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

برائنٹ دو مرتبہ امریکہ کی نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (این بی اے) کے چیمپیئن رہ چکے ہیں۔ انھوں نے دو طلائی تمغے بھی جیتے۔

انھیں تاریخ میں باسکٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ باسکٹ بال کے پیشہ ور کھلاڑیوں کی ٹیم ’لاس اینجلس لیکرز’ کے ساتھ اپنے 20 برس کے شاندار کیریئر میں بڑا نام رہے۔

کوبی برائنٹ کی لکھی گئی نظم پر بنی مختصر دورانیے  کی فلم کو سال 2019 میں آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا جو انھوں نے خود وصول کیا۔

کوبی برائنٹ کی موت کی افسوس ناک خبر سن کر باسکٹ بال کھلاڑی اور مداح سکتے میں آگئے۔

شکاگو بُلز کے لیجنڈ باسکٹ بال کھلاڑی مائیکل جارڈن نے کہا ہے کہ برائنٹ ان کے چھوٹے بھائی کی طرح تھے۔ ’میں ان کی موت پر اپنا درد بیان نہیں کر سکتا۔ ہم اکثر بات چیت کیا کرتے تھے اور مجھے ان سے ہونے والی گفتگو بہت یاد آئے گی۔‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلی کاپٹر حادثے میں برائنٹ کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوف ناک خبر قرار دیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

سابق امریکی صدور، پاپ سٹارز، مختلف کھیلوں کے ایتھلیٹس اور ساتھی کھلاڑیوں نے بھی برائنٹ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سابق صدر باراک اوباما نے ٹوئٹر پر لکھا کہ کوبی کھیل کے میدان میں ایک لیجنڈ تھے۔

لاس اینجلس لیکرز کے سابق سٹار میجک جانسن نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ’کوبی کے بغیر لاس اینجلس لیکرز، باسکٹ بال کا کھیل اور ہمارا شہر کبھی پہلے جیسے نہیں رہیں گے۔‘

امریکی فٹبال سٹار ٹوم بریڈی نے لکھا: ’کوبی آپ ہمیں بہت یاد آئیں گے۔‘ برازیل کے فٹبال سٹار نیمار نے بھی کوبی برائنٹ کو خراج پیش کیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل