پی ایس ایل کا ترانہ: ’توبہ توبہ سارا موڈ خراب کر دیا‘

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ ’تیار ہیں‘ جاری کر دیا گیا ہے۔

گلوکار علی عظمت، فوک گلوکار عارف لوہار، ہارون اور مشہور پاپ گلوکار عاصم اظہر نے اس ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے (سکرین گریب/پاکستان سپر لیگ)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ ’تیار ہیں‘ جاری کر دیا گیا ہے۔

اس ترانے کو بیک وقت ملک بھر کے صف اول کے ٹیلی ویژن نیوز چینلز پر جاری کیا گیا۔ جبکہ آفیشل ترانہ پاکستان سپر لیگ کے یوٹیوب چینل پر بھی دیکھا گیا۔

پاکستان کے معروف راک گلوکار علی عظمت، فوک گلوکار عارف لوہار، آواز بینڈ سے شہرت پانے والے گلوکار ہارون اور مشہور پاپ گلوکار عاصم اظہر نے اس ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

اس ترانے کی موسیقی ذوالفقار جبار خان (ذلفی) اور کمال خان (لال کبوتر) نے ترتیب دی ہے۔

آفیشل ترانے کے لانچ کے ساتھ ہی پی ایس ایل کی مارکیٹنگ مہم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، جس کے تحت آفیشل ہیش ٹیگ #HBLPSLV اور #TayyarHain ہیں۔

’تیار ہیں‘ کی موسیقی میں تُنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت کل 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ ترانے کی آفیشل ویڈیو میں قومی کرکٹ سٹارز بابر اعظم، حسن علی، رومان رئیس، سرفراز احمد، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی بھی جلوہ گر ہوئے۔

معروف راک گلوکار علی عظمت کا کہنا ہے کہ وہ باصلاحیت فنکاروں کے ہمراہ اس آفیشل ترانے کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور پی ایس ایل فائیو کے دوران ملک میں موجود زندگی کے  مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو شائقین کرکٹ سے کھچا کھچ بھرے سٹیڈیمز میں جھومتا دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

پی ایس ایل فائیو کا گانا سامنے آتے ہی ٹوئٹر صارفین کی جانب سے اس پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جن میں کچھ صارفین خوش اور کچھ نہایت مایوس دکھائی دے رہے ہیں۔

عقیل نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’کوئی علی ظفر کے گائے ہوئے ترانے ’سیٹی بجے گی‘ کو مات نہیں دے سکتا۔‘

اقصیٰ نے ٹوئٹر پر لکھا: ’اس گانے نے مجھے بہت مایوس کیا ہے۔‘

تنقید کے ساتھ ساتھ شائقین کی جانب سے اس تھیم سانگ کی تعریف بھی کی جا رہی ہے۔

فرحان ظہیر نے اس گانے پر آج کل انٹرنیٹ پر گردش کرتی ایک میم کے ذریعے تبصرہ کیا کہ سارا موڈ خراب کر دیا۔

 

ارفع زکا نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں چار گلوکاروں کے یکجا کیے جانے کو تو سراہا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’گانا کچھ اتنا اٹھا نہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ