شاید کرونا سے بچ جائیں مگر ذہنی دباؤ برداشت نہ کر پائیں: پاکستانی طلبہ

چین میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، منگل کو یہ تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔

چین میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں دن بہ دن اصافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے بعد منگل کو یہ تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

صرف گذشتہ روز 108 افراد کی ہلاکت کے بعد کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریباً ایک ہزار 16 ہو گئی ہے جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اس وائرس سے متاثر ہونے والے وہ افراد جنہوں نے چین کا سفر نہیں کیا ’ایک بڑی آگ‘ کے لیے چنگاری ثابت ہو سکتی ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں ہسپتال کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے طبی اہلکاروں اور مریضوں سے بات کی۔

اب تک اس وائرس سے تقریباً 25 ممالک میں 42 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

ادھر چینی شہر ووہان جہاں سے اس وائرس کے پھیلنے کا آعاز ہوا تھا میں موجود پاکستانی طلبہ نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ انہیں وہاں سے نکالا جائے۔

اپنی درخواست میں ان کا کہنا تھا کہ وہ وائرس سے تو متاثر نہیں لیکن ذہنی مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ بیشک ان پاکستانی طلبہ کو نہ نکالا جائے جو وائرس سے متاثرہ ہیں یا سکریننگ ٹیسٹ پاس نہیں کر پاتے، لیکن جو صحت مند ہیں اور وائرس سے متاثر نہیں ہیں انہیں تو یہاں سے نکالنے کا بندوبست کیا جائے۔

انڈپینڈنٹ ارود کو موصول ہونے والی ویڈیو میں ان طلبہ کا کہنا تھا کہ ووہان میں ان کا سمیسٹر ختم ہو چکا ہے اور آئندہ دو سے تین ماہ تک تعلیمی عمل رکا رہے گا۔

طلبہ نے کہا: ’ہماری درخواست ہے کہ ہمیں یہاں سے نکالا جائے کیونکہ کرونا وائرس سے تو ہم شاید بچ جائیں لیکن ذہنی مسائل کا دباؤ ہم برداشت نہ کر پائیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں اور ہمارے خاندان والے پاکستان میں۔ ’ہمارے گھر والوں کو پریشانی کی وجہ سے صحت کے مسائل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔‘

اس سے قبل معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ چین میں 25 سے 30 ہزار کے قریب پاکستانی ہیں، جن میں سے بڑی تعداد طالب علموں کی ہے جو مختلف شہروں اور صوبوں میں زیرِ تعلیم ہیں۔

جبکہ پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جِنگ نے انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں بتایا تھا کہ چین میں مہلک کرونا وائرس سے متاثرہ پاکستانیوں کی تعداد پانچ ہے، جنہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور وہ بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان