’ہیلو میں وزیراعلیٰ محمود خان بول رہا ہوں‘

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان آج کل عوام سے براہ راست ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان کی شکایات اور مسائل کے بارے میں معلومات لے رہے ہیں، ایسی ہی ایک وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

 ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان عوام سے براہ راست رابطہ کرتے ہیں۔ (تصویر: خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ ہاؤس)

’یوسف خان صاحب کیا حال ہے۔ میں کہہ رہا تھا کہ آپ نے زمین کا ایک انتقال درج کیا ہے اس میں کسی پٹواری نے رشوت یا جیب کے لیے تو کچھ نہیں مانگا ہے۔ آپ مطمئن ہیں کہ کام ٹھیک ہوا ہے؟‘

یہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ایک شہری سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو ہے، جب وہ اپنے پٹوار خانے میں ایک کام کے سلسلے میں ان سے یہ معلومات حاصل کر رہے تھے کہ آیا ان کا کام درست طریقے سے ہوا ہے یا نہیں۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان عوام سے براہ راست رابطہ کرتے ہیں اور پٹوار خانوں اور تھانوں سے رجوع کرنے والے لوگوں سے ٹیلیفون پر سہولیات کی فراہمی کے بارے میں معلوم کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ کی یہ ٹیلیفونک گفتگو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہونے کے بعد اس پر صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آئیں۔ کچھ لوگوں نے اس کا مذاق اڑایا، جن کے خیال میں یہ سب کچھ ایک پبلسٹی سٹنٹ ہے اور اس سے عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

جبکہ کچھ لوگوں نے اسے ایک اچھا قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیڈران کو اسی طرح عوام کے ساتھ رابطے مزید مضبوط کرنے چاہییں۔

ٹوئٹر پر ایک صارف مشتاق احمد درانی نے  اس ساری گفتگو کو ایک ’ڈرامہ‘ قرار دیا اور لکھا کہ ’یہ سارا ٹولہ ہی بی گریڈ اداکاروں کا ہے چاہے صوبائی ہوں  وفاقی۔‘

اسی طرح  پشاور کے سینیئر صحافی ارشد عزیز ملک نے لکھا کہ یہ ایک پبلسٹی سٹنٹ اور عارضی اقدام ہے۔

 کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ساری ’پلانٹڈ کالز‘ ہیں۔ایک صارف سمیع خان نے لکھا کہ وہ وزیر اعلیٰ کو ایک نمبر دیں گے، وہ اس پر کال کر کے پوچھ لیں کہ پٹواری کتنے پیسے لیتے ہیں۔

ایک اور صارف نے وزیراعلیٰ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’ایک اچھے کام کی تقلید کی جائے تو اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔‘

زرغون نامی ایک صارف نے لکھا کہ یہ کام وزیر اعلیٰ کا نہیں ہے بلکہ اس کے لیے ڈپٹی کمشنر دفتر میں ایک شکایت سیل  قائم ہوتا ہے اور ان مسئلوں کو وہی دیکھتے ہیں لیکن یہاں وزیر اعلیٰ سستی شہرت حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔

تاج محسود نے ٹویٹ کی کہ وزیراعلیٰ کو کوئی بتائے کہ صوبائی اسمبلی کے سامنے وزیرستان سے آئے ہوئے لوگ کئی دنوں سے تباہ شدہ مکانات اور بازاروں کے معاوضے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں، پہلے ان کے مسائل حل کریں، بعد میں یہ ’ڈرامہ بازیاں‘ کریں۔

اسی طرح سیمل راجا نے سوال اٹھایا کہ شہری کو فون کر کے ان کا مسئلہ سننا اچھی بات ہے لیکن ویڈیو بنانے کی کیا ضرورت تھی۔

ماضی میں کون سے لیڈران یہ اقدام اٹھا چکے ہیں؟

سابق وزیراعظم نواز شریف نے 1997 میں اسی قسم کی ایک سروس شروع کی تھی، جس میں وہ عوام کے ساتھ فون پر بات کرکے ان کے مسائل سنتے تھے، لیکن یہ اس طرح تھا کہ عوام کو ایک ٹیلیفون نمبر فراہم کیا جاتا تھا اور اسی پر شہری فون کرکے اپنی شکایات وزیراعظم تک پہنچاتے تھے۔

تاہم وزیر اعلیٰ محمود خان نے جو اقدام اٹھایا ہے یہ اس سے قدرے مختلف ہے۔ اس میں وزیر اعلیٰ مختلف شکایت کنندہ کے نمبر اور ان کی درخواستوں میں سے کسی بھی نمبر کا انتخاب کرکے ان کو فون ملاتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سابق وزیراعظم  یوسف رضا گیلانی نے بھی عوامی کالز سننے کا سلسہ شروع کیا تھا جس میں وہ عوام کے مسائل سنتے تھے ۔

پشاور کے سینیئر صحافی محمود جان بابر سمجھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ نے ایک شہری کے ساتھ فون پر بات کی اور ان کا مسئلہ سنا، یہ اچھی بات ہے لیکن اصل کام یہ ہے کہ نظام کو ایسا بنایا جائے کہ وزیراعلیٰ کو کسی شہری کو فون کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے اور عوام کے مسائل اس نظام کے اندر ہی حل ہو جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں پر بھی ایسا نہیں ہوتا کہ وزیر اعلیٰ کسی شہری کو کال کریں اور ان کا مسئلہ سنیں بلکہ اس کی بجائے عوامی شکایات سننے کے لیے ایک نظام متعین ہوتا ہے جس میں عوام شکایات درج کرواتے ہیں، جنہیں دور کرنے پر عمل درآمد ہوتا ہے۔

محمود جان نے بتایا: ’وزیر اعلیٰ کو چاہیے کہ اسی سیل کو مزید فعال کریں اور اس پر عوام کی جانب سے جو شکایات آتی ہیں، انہیں دور کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تو پھر کسی شہری کو کال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔‘

خیبر پختونخوا شکایت سیل: صرف 37 فیصد شکایت کنندہ مطمئن

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وفاق سمیت ہر صوبے میں عوامی شکایات کے اندراج کے لیے ایک موبائل ایپ لانچ کر رکھی ہے، جس میں عوام مختلف نوعیت کی شکایات درج کر چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق  اس ایپ میں اب تک تین لاکھ 21 ہزار سے زائد شہری رجسٹرڈ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اب تک اس ایپ کے ذریعے ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں سے ایک لاکھ 64 ہزار سے زائد کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔

شکایات دور کرنے کا تناسب 94 فیصد سے زائد ہے تاہم مطمئن شکایات کنندہ کا تناسب صرف 37 فیصد ہے  یعنی ایک لاکھ 74  ہزار شکایت درج کرنے والوں میں سے 62 ہزار سے زائد شکایت کنندہ اس نظام سے مطمئن ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل