سوشل میڈیا پر بدتمیزی سے گھبرائے برطانوی شاہی خاندان کے ’نئے رہنما اصول‘

نئے رہنما اصولوں کے تحت شاہی خاندان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کمنٹس  کرنے والوں کو تہذیب، عزت اور نرمی سے پیش آنا ہو گا

کیٹ مڈلٹن (بائیں) اور میگھن مرکل (دائیں)

سوشل میڈیا پر طوفان بد تمیزی  سے گھبرائے برطانوی شاہی خاندان نے چند نئے رہنما اصول وضع کیے ہیں،  تاکہ ان کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس  ایک  ’محفوظ   ماحول ‘ میں کام کر سکیں۔

پیر کو شاہی محل سے جاری شدہ ایک بیان میں کہا گیا کہ آن لائن بد تمیزی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی اور یہ کہ شاہی اکاؤنٹس پر جارحانہ یا قابل اعتراض  کمنٹس  پوسٹ کرنے والے اکاؤنٹس بلاک کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس میں رپورٹ کیے جا سکتے ہیں۔

بیان کے مطابق، شاہی خاندان کے سوشل میڈیا چینلز پر کمنٹس  کرنے والوں کو آگاہ کیا گیا کہ  وہ تہذیب، عزت اور نرمی سے پیش آئیں۔

’اس حوالے سے محفوظ ماحول پیدا کرنے کے لیے ہم نے کچھ رہنما اصول وضع کیے ہیں جن کا اطلاق ہمارے  سوشل میڈیا  اکاؤنٹس پہ کمنٹس کرنے والوں پر ہو گا‘۔

شاہی محل کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت پر آیا ہے جب  حالیہ کچھ مہینوں میں شاہی خاندان  بالخصوص  میگھن مرکل اور کیٹ مڈلٹن کے خلاف سوشل میڈیا پر بد تمیزی  بڑھتی دیکھی گئی ہے۔

شاہی خاندان کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کیے جانے والے ان نئے رہنما اصولوں  کے تحت کمنٹس  میں کسی شخص کی تضحیک، دھوکہ دہی،  بد تمیزی، جارحیت، نفرت  ، اشتعال  انگیزی ، تشدد اور فحش نگاری  کی اجازت نہیں ہو گی۔

اسی طرح صارفین جنس، نسل، قومیت،  جسمانی معذوری ، جنسی ترجیحات اور عمر پر مبنی    کمنٹس سےاجتناب کریں گے۔

شاہی خاندان کے مطابق، ان رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کی صورت وہ  قابل اعتراض کمنٹس مٹانے یا چھپانے کے علاوہ  متنازع اکاؤنٹس  کے خلاف کارروائی کا اختیار رکھتے ہیں تاکہ آئندہ ایسے اکاؤنٹس سے اشتعال انگیز پوسٹ نہ ہو سکیں۔

جنوری میں ہیلو میگزین نےایک  آن لائن مہم کے ذریعے شاہی خاندان کے خلاف قابل اعتراض  کمنٹس کو ختم کرنے کی باقاعدہ مہم بھی چلائی تھی۔

ہیلو میگزین کی ایک سینئر ایڈیٹر ایملی نیش کے مطابق یہ مہم شاہی خاندان بالخصوص کیٹ اور میگھن  کے خلاف بڑے پیمانے پر قابل اعتراض پوسٹس  کے خلاف چلائی گئی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل