جمائما نے جادو والی ٹویٹ اڑا دی

وزیر اعظم کی سابق اہلیہ جمائما گولڈسمتھ نے ٹویٹر پر ایک فلمی پوسٹر شیئر کیا تھا جس میں وہ اور بظاہر عمران خان کی موجودہ اہلیہ بشریٰ بی بی موجود تھیں، وہ ٹویٹ اب غائب ہے۔

ٹویٹ جو اڑا دی گئی۔ (ٹوئٹر)

وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کل پاکستانی سوشل میڈیا پر بحث کا مرکز بنی ہوئی تھیں۔ انہوں نے سوموار کی شب ایک دلچسپ فلمی سٹائل پوسٹر ٹویٹ کیا جس میں ان کی اور بظاہر وزیر اعظم کی موجودہ اہلیہ بشریٰ بی بی کی تصاویر پینٹ کی گئی تھیں۔ وہ ٹویٹ آج ان کے اکاؤنٹ سے غائب ہے۔ 

مبینہ طور پہ ٹوئٹر صارفین کے اعتراضات کے بعد وہ یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر چکی ہیں۔

جمائما نے اس ٹویٹ میں لکھا تھا: ’کون لالی وڈ کے پوسٹر پسند نہیں کرتا؟ آج لاہور میں ایک دوست کی اس پر نظر پڑی ۔۔۔ اس کا عنوان ہے تُو نے کیسا کالا جادو کیا؟‘

جمائما کی اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھانت بھانت کے تبصرے کرنا شروع ہوگئے اور منگل کو ’جمائما‘ پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا۔

کامو خان نامی صارف نے عمران خان اور جمائما کی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ہا ہا ہا۔۔ قابل عزت خاتون (اصل میں) یہ محبت کا جادو ہے۔ کیا آپ اب تک عمران خان کی محبت میں گرفتار ہیں؟‘

مسلم لیگ ن کے ایک کارکن نے لکھا: ’جمائما بی بی کے ٹویٹ کرنے کے بعد مجھے یقین ہے کہ انصافی اب مخالفین سے یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ بشریٰ بی بی کو سیاست میں نہ گھسیٹیں یا انہیں جادوگرنی یا بلا کہیں۔ یا تو جمائما بی بی کو یہ پوسٹ کرنے پر ان کی مذمت کریں یا ہمیشہ کے لیے خاموشی اختیار کر لیں۔‘

وکیل عائشہ اعجاز خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’جمائما نے ’پیرنی‘ پر تنقید کی ہے (اس کے باوجود تحریک انصاف کے کارکنوں نے اپنے جوابات میں ’آپ اب بھی ہماری بھابھی ہیں‘، ’آپ بہت وفادار ہیں‘ اور ’ہم آپ کے مستحق نہیں ہیں‘ جیسے جملوں کی بھرمار کر دی۔ یہ مسخروں کا ٹولہ ہیں۔‘

’میمز بائے نبیل‘ ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں جمائما کی جانب سے شیئر کیے گئے پوسٹر کو جعلی قرار دے کر صارف نے پوسٹر کو فوٹو شاپ کر کے اس پر ریحام خان کو جادوگرنی کے روپ میں پیش کرتے ہوئے لکھا:  ’اچھا میڈم، مجھے اصل (جادوگرنی) کی تصور پوسٹ کرنے دیجیے۔‘

جمائما گولڈ سمتھ برطانوی شہری ہیں اور ان کا تعلق لندن کے ایک متمول  خاندان سے ہے۔ انہوں نے 1995 میں عمران خان سے شادی کی تھی تاہم نو سال کے بعد ان کے درمیان جون 2004 میں طلاق ہو گئی تھی۔

اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات اکبر ایس بابر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا: ’اس بات کا دکھ کے ساتھ اعلان کیا جا رہا ہے کہ عمران خان کے اور جمائما کے درمیان طلاق ہو گئی ہے۔ طلاق کا فیصلہ دونوں کا مشترکہ ہے اور دونوں کے لیے نہایت ہی افسوسناک بھی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عمران خان کا بیان میں کہنا ہے کہ ’ان کا گھر اور مستقبل پاکستان میں ہے جب کہ جمائما نے پاکستان میں رہنے کی بڑی جدوجہد کی ہے تاہم میری سیاسی زندگی نے ان کی یہاں سکونت کو دشوار بنادیا۔‘

عمران خان نے جمائما سے علیحدگی کے بعد طویل عرصے تک شادی نہیں کی تاہم 10 سال بعد یعنی 2014 میں عمران خان نے اینکر پرسن ریحام خان سے شادی کی لیکن یہ شادی محض ایک برس ہی چل سکی۔

سابق کرکٹر نے شادیوں کی ہیٹ ٹرک 2018 میں اس وقت کی جب عام انتخابات سر پر تھے۔ وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان نے اپنی کامیابی کا سہرا بشریٰ بی بی کے سر سجایا تھا۔ میڈیا میں عمران خان کی تیسری اہلیہ کی روحانی طاقت کے حوالے سے کئی رپورٹ شائع ہو چکی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر ان کی روحانیت پر اکثر میمز بھی سامنے آتے رہتے ہیں اور انہیں طنزیہ طور پر ’پیرنی‘ کے لقب سے پکارا جاتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ