تاریخ بدلی، جگہ بدلی، کھلاڑی بدلے لیکن لاہور قلندرز کی قسمت نہ بدلی 

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطان نے لاہور قلندرز کو باآسانی زیر کرلیا۔

لاہور قلندرز کے ڈین ولاس ملتان سلطان کے خلاف میچ میں ریورس سوئپ کرتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطان نے لاہور قلندرز کو باآسانی زیر کرلیا۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں دن بدلا، تاریخ بدلی، جگہ بدلی حتیٰ کہ کھلاڑی بدلے لیکن لاہور قلندرز نتیجہ نہ بدل سکی۔

جمعے کو ایک آسان اور ہموار بیٹنگ وکٹ پر قلندرز نے پہلے تو کھلاڑیوں کے انتخاب میں غلطی کرتے ہوئے پانچ فاسٹ بولر چن لیے اور پھر بلے بازوں سے اچھے آغاز کے باوجود بڑا ٹوٹل نہ مل سکا۔
ملتان سلطان کے نئے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر قلندرز کو پہلے بیٹنگ کرانے کا مشکل فیصلہ کیا، جو ابتدائی اوورز میں اُس وقت غلط ثابت ہوا جب لاہور کے اوپنرز فخر زمان اور کرس لائن نے پاور پلے میں دھواں دار انداز میں 60 رنز بنا ڈالے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قلندرز کے لیے سب کچھ صحیح چل رہا تھا لیکن اپنی عادت سے مجبور فخر زمان نے اچھے خاصے سیٹ ہو کر احمقانہ شاٹ کھیلا اور معین علی کی ایک شاٹ پچ گیند پرکیچ آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے اوپنر کرس لائن بھی ایک تیز شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔
بس ان دونوں کا جانا تھا کہ تجربہ کار سپنرز شاہد آفریدی اور عمران طاہر لاہور کے بلے بازوں کے لیے مصیبت بن گئے۔ اگلے پانچ اوورز میں صرف 10 رنز بن سکے اور محمد حفیظ، ڈین ولاس اور کپتان سہیل اختر کے لیے رنز لینا محال ہوگیا۔ دوسرے بولروں محمد عرفان اور محمد الیاس نے بھی اچھی نپی تلی بولنگ کی۔
سہیل اختر نے آخری اوور میں کچھ شاٹ کھیل کر بمشکل سکور 138 تک پہنچایا، ورنہ کہانی تو 100 رنز کے قریب تمام ہو رہی تھی۔
139 کا ہدف ملتان سلطان کے لیے کچھ مشکل نہ تھا لیکن امید تھی کہ لاہور بھی عمدہ بولنگ کرکے میچ دلچسپ بنائے گی لیکن وکٹ میں ان کے فاسٹ بولرز کے لیے کچھ نہ تھا۔ 
قلندرز کی ٹیم میں دلبر حسین کی شمولیت سمجھ سے بالاتر تھی، ان کی بولنگ اور فیلڈنگ کلب لیول سے بھی کم ہے۔ ٹیم میں کوئی ماہر سپنر نہیں تھا، حفیظ نے کچھ اوورز کرائے لیکن زیادہ تر اوور لینتھ کرتے رہے اور مار کھاتے رہے۔ 
ملتان کے کپتان شان مسعود کو موقع مل گیا کہ وہ سٹرائیک ریٹ کی قید سے آزاد ہوکر سکور بک میں بڑے رنز لکھوا سکیں۔ انھوں نے 38 اور ریلی رؤسو نے 32 رنز بنا کر جیت کاراستہ ہموار کردیا۔ 
شاہد آفریدی نے موقع ملنے پر 16ویں اوور میں ہی دو تین بڑے شاٹ کھیل کر میچ ختم کردیا۔ 
قلندرز کی سب سے بڑی امید حارث رؤف بھی آج آف کلر نظر آئے، پتہ نہیں وہ آسٹریلیا میں کس معیار کے بلے بازوں کو آؤٹ کرتے رہے ہیں۔
ملتان سلطان نے پانچ وکٹ سے میچ جیت کر نہ صرف دو پوائنٹس حاصل کرلیے بلکہ بھاری رن ریٹ کی بدولت پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ بھی کرلیا۔ 
عمران طاہر کو ان کی شاندار بولنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی کاایوارڈ دیا گیا۔
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ