اسلام آباد یونائیٹڈ کو مسلسل دوسری شکست

کراچی کنگز نے اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹ سے باآسانی شکست دے دی۔

کراچی کنگز کے عمر خان اسلام آباد کے رضوان حسین کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوش ہو رہے ہیں (اے ایف پی)

 پاکستان سپر لیگ کے 14ویں میچ میں کراچی کنگز  نے اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹ سے باآسانی  شکست دے دی۔

اسلام آباد کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔ یونائیٹڈ  نے اپنی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے  جنوبی افریقہ کے مشہور بولر ڈیل سٹین اور رضوان حسین کو ڈیوڈ ملن اور عماد بٹ کی جگہ شامل کیا، جبکہ کراچی کنگز نے ملتان سلطان کے خلاف کھیلنے والی ٹیم کو میدان  میں اتارا۔

کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد کو ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر کولن منرو (ایک رن ) دوسرے اوور میں آؤٹ ہوگئے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد لیوک رونکی اور رضوان نے اچھی بیٹنگ کی اور 50 رنز کی رفاقت قائم کی۔ رضوان نے 22 رنز بنائے، کولن انگرام زیادہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

تین وکٹ گرنے کے بعد اسلام آباد دباؤ میں تھی لیکن اس موقعے پر رونکی اور کپتان شاداب خان نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے  10 اوورز میں 106 رنز کی پارٹنرشپ کر کے مجموعی سکور 183 پر پہنچادیا۔

رونکی نے نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 85 رنز جبکہ شاداب نے چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ 

مقررہ 20 اوورز میں 183 رنز کا سکور بظاہر تسلی بخش اور کراچی کی بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے مناسب تھا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم کراچی کنگز کسی اور ارادے سے آئی تھی کیونکہ  دو مسلسل دو میچ ہارنے کے بعد کراچی کے لیے یہ میچ جیتنا بہت ضروری تھا۔ 

جوابی بیٹنگ میں کراچی کو پہلے اوور میں ہی بابر اعظم کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو شاداب خان کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔ 

بس یہاں سے کراچی کی قسمت نے پلٹا کھایا اور اب تک اس لیگ میں ناکام رہنے والے شرجیل خان اسلام آباد کے بولروں پر برس پڑے۔

دوسری طرف سے ایلکس ہیلز بھی ساتھ دینے لگے پھر تو جو سامنے آیا اس کی درگت بننے لگی۔

پاور پلے میں دونوں نے 58 رنز جوڑے، شرجیل 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ہیلز  نے 52 رنز بنائے۔ 

بعد میں اسلام آباد کی کشتی کو کیمرون ڈیلپورٹ اور عماد وسیم نے بالکل ہی ڈبو دیا۔ عماد وسیم نے صرف 15 گیندوں میں 32 رنزبنا کر انیسویں اوور میں میچ ختم کردیا۔ ڈیلپورٹ نے 38 اور والٹن نے 23 رنز بنائے۔ 

کراچی نے پانچ وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ اسلام آباد کی بولنگ بہت خراب رہی، جس کے باعث رونکی اور شاداب کی عمدہ بیٹنگ تاریکیوں میں ڈوب گئی۔ 

اسلام آباد کے فہیم اشرف نے صرف 2.4 اوورز میں 47 رنز دے دیے۔ صرف شاداب خان ہی رنز روک سکے لیکن دوسرے تمام بولرز اپنی لائن لینتھ برقرار نہ رکھ سکے۔ 

کراچی کنگز کی بولنگ میں نوجوان عمر خان نے اچھی بولنگ کی اور چار اوورز میں 21 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ 

کراچی کنگز کے ہیلز کو میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ میچ جیتنے کے بعد کراچی کنگز کے چار جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے پانچ پوائنٹس ہیں۔ 

لیگ کااگلا میچ آج راولپنڈی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل