جب لگا کہ ’پرانا‘ عامر واپس آگیا ہے

پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے خلاف محمد عامر کی تباہ کن بولنگ اور بعد میں عالمی نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بلے باز بابر اعظم کی بیٹنگ نے کراچی کنگز کی لگاتار دوسری جیت کو انتہائی آسان بنا دیا۔

پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے خلاف محمد عامر کی تباہ کن بولنگ اور بعد میں عالمی نمبر ایک ٹی 20 بلے باز بابر اعظم کی بیٹنگ نے کراچی کننگز کی لگاتار دوسری جیت کو انتہائی آسان بنا دیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 15ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹ سے شکست دی۔

پاکستان نے پچھلے دس سالوں میں جتنے بھی فاسٹ بولر پیدا کیے ان میں محمد عامر ہی اپنے آپ کو منوا سکے ہیں۔ اپنے کیریئر کے پہلے سپیل میں جس طرح انہوں نے بڑے بڑے بلے بازوں کے چھکے چھڑا دیے تھے اس سے ہر ایک کو یقین تھا کہ وہ کرکٹ تاریخ کے یادگار بولر بن سکتے ہیں۔ 

پچھلے دس سالوں میں جو کچھ عامر کے ساتھ ہوا اس سے قطع نظر عامر آج بھی انہی صلاحیتوں کے مالک ہیں البتہ وقت کی دھول نے ان کی رفتار اور کاٹ کو کم ضرور کیا ہے۔ 

پیر کی شام راولپنڈی میں انہوں نے اپنی زندگی کا ایک اور یادگار بولنگ سپیل کیا۔ ان کی پہلی 12 گیندیں اسی رفتار اور سوئنگ کا نمونہ تھیں جیسے 2017 کی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف تھیں۔

ان کو دیکھ کر لگ رہا تھا کہ وہی دس سال پہلے کا عامر بولنگ کر رہا ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پہلے ہی اوور میں ٹام بینٹن اور پھر حیدر علی کی وکٹیں لے کر انہوں نے پشاور پر دباؤ ڈال دیا جس سے پشاور میچ کے آخر تک نہ نکل سکا۔ 

دوسری طرف سے عامر یامین نے بھی اچھی بولنگ کی اور دونوں کے خطرناک سپیل نے پشاور کو پاور پلے میں 28 رنز پر محدود رکھا اور تین وکٹیں بھی گرا دیں۔  

جو دراڑ ان دونوں نے ڈالی پھر وہ شعیب ملک اور لیونگ سٹون کی کوششوں سے بھی نہ بھر سکی۔ 

کراچی کے تمام بولروں نے عمدہ بولنگ کی اور پشاور کو مقررہ اووروں میں 151 رنز ہی کرنے دیے۔ شعیب ملک نے پہلی دفعہ اس لیگ میں اچھی بیٹنگ کی اور 68 رنز بنائے لیونگ سٹون اور گریگوری نے 25، 25 رنز بنائے لیکن یہ تینوں مل کر کوئی مشکل ہدف کراچی کو دینے میں ناکام رہے۔

کراچی کی طرف سے عامر نے 25 رنز دے کر چار کھلاڑی آؤٹ کیے۔ 

جوابی بیٹنگ میں کراچی کو بھی ابتدا میں شرجیل خان کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم اس کے بعد بابر اعظم اور ایلکس ہیلز نے پشاور زلمی کے بولروں کو کوئی موقع نہیں دیا اور دوسری وکٹ کی پارٹنرشپ میں 101 رنز بناکر پشاور کی ساری امیدیں ختم کر دیں۔ بابر اعظم نے سٹائلش بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 70 رنز بنائے جبکہ ہیلز 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

بابر اعظم جو ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں اور دنیا بھر کے مبصرین سے مسلسل تعریفیں بٹورتے ہی رہتے ہیں لیکن ان کی اس اننگز کے بعد انگلش بلے باز ایلکس ہیلز نے ان کے بارے میں کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ بلے بازی کرنے کا ایک فائدہ یہ ہے کہ وہ آپ پر سے بھی دباؤ کم کر دیتے ہیں۔ 

ہیلز نے کہا کہ جیسے بابر اعظم مشکل گیند پر آسانی سے چوکا لگاتے ہیں دوسرے اینڈ پر کھڑے بلے باز پر سے بھی دباؤ ختم ہو جاتا ہے۔

کراچی کنگز اس جیت کے ساتھ چھ پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔

آج سے لیگ کے میچ لاہور میں شروع ہو رہے ہیں جہاں لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہونے والا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر کوئی پوانٹ لے پاتے ہیں یا نہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ