بارش نے ملتان سلطانز کی عزت رکھ لی 

باران رحمت نے کراچی کنگز کو ایک یقینی جیت سے محروم رکھا تو ملتان سلطانز کی عزت رکھ لی۔

ملتان سلطانز کے روی بھوپارہ کراچی کے خلاف شاٹ کھیلتے ہوئے(اے ایف پی)

ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان پاکستان سپر لیگ کا 19واں میچ لاہور میں بارش کے باعث ادھورا ختم کردیا گیا۔

بارش نے میچ دیکھنے کے لیے قذافی سٹیڈیم آنے والے ہزاروں شائقین کی تفریح کو تو کرکرا کر دیا لیکن ملتان سلطانز کی ناکام بیٹنگ پر پردہ ڈال دیا۔

لاہور میں جمعے کوصبح سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے میچ کے آغاز میں تاخیر کے خدشات تھے اور آثار بتا رہے تھے کہ شاید میچ پورا نہ ہوسکے، لیکن گراؤنڈ سٹاف کی انتھک کوششوں سے میدان اس قابل ہوگیا تھا کہ میچ کھیلا جا سکے۔

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر حسب توقع پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو نتیجہ خیز ثابت ہوا۔

ایک بھیگی ہوئی شام میں جب ہوا میں خنکی تھی اور پچ پر نمی بھی، ایسے میں محمد عامر سمیت ہر بولر کو کھیلنا ملتان سلطانز کے بلے بازوں کے لیے جوئے شیر لانے کے مترادف تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عامر کا پہلا شکار اوپنر ذیشان اشرف بنے، جن کا کرس جارڈن نے مڈ آف پر کیچ لیا۔ دوسرے اوپنر معین علی نے کچھ اچھے شاٹ کھیلے لیکن وہ بھی عامر یامین کی گیند پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کا کیچ بھی جارڈن نے لیا۔

چھٹے اوور تک سب کچھ صحیح تھا۔ بس یہاں سے ملتان کی تباہی کا آغاز ہوا۔ عامر یامین نے اگلی ہی گیند پر روئلی روسو کو صفر پر وکٹ کے عقب میں کیچ آؤٹ کروا دیا۔

عامر یامین کو ہیٹ ٹرک کا موقع ملا تاہم روی بوپارہ نے اگلی گیند پر چوکا لگا دیا۔ دوسری طرف سے کپتان عماد وسیم نے نپی تلی بولنگ کرکے ملتان کے بلے بازوں کو نہ صرف رنز سکور کرنے سے روکا بلکہ بوپارہ اور شان مسعود کو واپس پویلین بھی بھیجا۔

خوشدل شاہ کی وکٹ نوجوان عمر خان لے اڑے۔ 11 اوورز میں 64 پر چھ وکٹ نے ملتان کی تنزلی کی داستان لکھنا شروع کردی تھی لیکن اس موقعے پر تجربہ کار شاہد آفریدی نے کچھ اچھے شاٹ کھیل کر 17ویں اوور میں سکور 102 تک پہنچا دیا۔

اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ ملتان زیادہ سکور نہیں کر پائے گی اور کراچی ایک آسان جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر پہنچ جائے گی لیکن بارش ملتان سلطانز کی مدد کو آن پہنچی۔ ہلکی پھوار نے امپائرز کو مجبور کردیا کہ میچ روک دیں جو پھر دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔ 

ملتان نے 16.5 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 102 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی طرف سے عماد وسیم اور عامر یامین نے دو، دو وکٹ جبکہ محمد عامر اور عمر خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔ 

بنا کسی نتیجہ میچ ختم ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا جس سے ملتان سلطانز نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی سبقت برقرار رکھی ہے۔ 

پی ایس ایل میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان راولپنڈی جبکہ دوسرا میچ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان لاہور میں کھیلا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ