شام میں ترکی کا حملہ، 50 پاکستانی جنگجو ہلاک: رپورٹ

ایک پاکستانی سکیورٹی اہلکار نے عرب نیوز کو بتایا کہ ادلب میں ترک فوج کی حالیہ کارروائی میں ہلاک ہونے والے پاکستانی جنگجوؤں کی تعداد 50 سے زائد ہے۔

ترک وزارت دفاع کی جانب سے یکم مارچ کو ریلیز ہونے والی وایک یڈیو کے سکرین گریب میں شامی فوج کے ان ٹھکانوں کی نشان دہی کی جا رہی ہے جہاں ترک فوج نے فضائی حملے کیے (اے ایف پی)

شام کے شمال مغربی حصے میں ترکی کی فوجی کارروائی میں کم سے کم 50 پاکستانی جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔

پاکستان کے دو سکیورٹی حکام نےعرب نیوز سے بات کرتے ہوئے شام کی سرکاری فوج اور ترک فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 50 پاکستانی جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں شام کے صوبے ادلب میں کشیدگی میں ڈرامائی اضافہ ہوا اورترکی نے شام کی سرکاری فوج کو روکنے کے لیے ہزاروں فوجی اور بکتر بند گاڑیاں روانہ کی ہیں۔ ادلب کا علاقہ شام میں حکومت مخالف قوتوں کا آخری گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

دوسری جانب شام میں جاری نو سالہ تنازعے میں شامی صدر بشار الاسد کے حامی روس نے بھی حالیہ دنوں میں ادلب پر فضائی حملے کیے۔ گذشتہ تین ماہ کے دوران یہاں لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

جمعرات کو روس اور ترکی کے درمیان ماسکو میں ہونے والے مذاکرات کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک پاکستانی سکیورٹی اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر عرب نیوز کو بتایا کہ ’ترکی کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے پاکستانی جنگجوؤں کی تعداد 50 سے زائد ہے۔‘

خفیہ ادارے کے ایک اور اہلکار نے بھی 50 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی جبکہ عرب نیوز کی جانب سے اس سلسلے میں پاکستانی وزارت خارجہ سے پوچھے گئے سوال کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے جنگجوؤں کا تعلق زینیبون بریگیڈ سے ہو سکتا ہے، جسے امریکہ نے جنوری 2019 میں معاشی بلیک لسٹ پر ڈالا تھا۔ اس گروپ میں پاکستانی جنگجو شامل ہیں جو شامی حکومت کے ساتھ مل کر شریکِ جنگ ہیں۔

 دفاعی تجزیہ کار محمد عامر رانا نے عرب نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ’یہ پہلا موقع نہیں کہ کوئی پاکستانی شام میں ہلاک ہوا ہو۔ پاکستانی جنگجو شامی حکومت اور داعش دونوں کی جانب سے جنگ میں شریک رہے ہیں۔‘

عامر رانا کے مطابق ماضی میں شام سے واپس آنے والے پاکستانیوں کو گرفتار بھی کیا جاتا رہا ہے لیکن ان کی درست تعداد سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیر (ر) محمود شاہ نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’پاکستان سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کی ایک قلیل تعداد داعش میں شمولیت کے لیے شام جا چکی ہے۔‘

گذشتہ مہینے بھی پولیس نے کراچی سے زینیبون بریگیڈ کے اہم رکن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا