پاکستان فضائیہ کا ایف 16 طیارہ اسلام آباد میں گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

پاکستانی فضائیہ کا ایک ایف 16 طیارہ اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہوا جس میں پائلٹ ہلاک ہو گیا ہے۔

پاکستان ایئر فورس کا کہنا ہے کہ اس کا ایک ایف 16 طیارہ شکرپڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے بعد جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پاکستان فضائیہ کے بیان کے مطابق یہ حادثہ 23 مارچ کے حوالے سے جاری مشقوں کے دوران پیش آیا ہے۔

فضائیہ حکام کے مطابق طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم اس حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد میں ان دنوں 23 مارچ کی تقریبات کے سلسلے میں مشقیں چل رہی ہیں اور ان کے دوران بڑے پیمانے پر اسلام آباد او راولپنڈی کی فضاؤں میں طیاروں کے فضائی مظاہرے ہوتے ہیں اور ان کی تیاریاں ہفتے پہلے ہی سے شروع ہو جاتی ہیں۔

انہی مشقوں کے سلسلے میں بدھ کی صبح تقریباً 10 بج کر 40 منٹ پر ایک طیارہ فضا میں اڑتے اڑتے اچانک کافی تیزی سے زمین کی طرف آیا، جس کے بعد وہاں سے دھواں اڑتا دکھائی دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب پریڈ گراؤنڈ میں 23 مارچ کو منعقد کی جاتی ہے۔

جائے وقوعہ پر موجود انڈپینڈنٹ کے نامہ نگار عبداللہ جان کے مطابق اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ طیارے کے ملبے میں کسی کی لاش نہیں ملی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہواباز پیراشوٹ کے ذریعے نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔

حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔ جائے وقوعہ پر ہزاروں لوگوں کا مجمع اکٹھا ہو گیا ہے جس کی وجہ سے حکام کو یہاں تک پہنچنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ 

تاہم اب حکام نے لوگوں کو وہاں سے ہٹانا شروع کر دیا ہے۔

ریسکیو ٹیمیں، اور ایمبولینسز پہنچ چکی ہیں جبکہ ہیلی کاپٹر بھی فضا میں گردش کر رہے ہیں۔

اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے بتایا ہے کہ طیارہ گرنے کے تین منٹ کے اندر اندر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی تھیں اور انہوں نے آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا تھا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ آگ بجھانے کے بعد ریسکیو ٹیموں کو وہاں سے نکال دیا گیا ہے اور پاکستان فوج اور فضائیہ کے اہلکاروں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

جہاں جس علاقے میں طیارہ گرا ہے وہاں آگ لگی دیکھی جا سکتی ہے جبکہ وہاں موجود بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ کر زمین پر گر گئی ہیں جن پر سے لوگ پھلانگ پھلانگ کر طیارے کے ملبے کے قریب جانے کی کوشش کرتے رہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گذشتہ سال 29 جولائی کی شب بھی آرمی ایوی ایشن کا ایک چھوٹا طیارہ معمول کی پرواز کے دوران راولپنڈی میں آبادی پر گر گیا تھا جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسلام آباد کی نور خان ائیر بیس سے اڑنے والا یہ طیارہ راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو میں گر کر تباہ ہوا تھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان