سٹیون ہاکنگ نرس کے تشدد کا نشانہ بنتے رہے؟

2004 میں بھی سٹیون ہاکنگ کی دوسری اہلیہ پر الزامات تھے کہ وہ ان پر تشدد کرتی ہیں

فوٹو، اے ایف پی

معروف برطانوی طبیعات دان سٹیون ہاکنگ کے خاندان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد ان کی دیکھ بھال پر مامور ایک نرس کو معطل کر دیا گیا ہے۔

نرس پیٹریشیا ڈاوڈی پر لگائے گئے الزامات کی نوعیت سامنے نہیں آ سکی لیکن معاملہ اس قدر سنگین بہرحال تھا کہ برطانیہ کے نرسنگ ادارے (نرسنگ اینڈ مڈ وائفری کونسل) نے غیر معمولی طور پر میڈیا اور عام لوگوں کو اس معاملے سے دور رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 61 سالہ پیٹریشیا ڈاوڈی 15 برس تک سٹیون ہاکنگ کے لیے صحت سے متعلق خدمات انجام دیتی رہیں لیکن حالیہ دنوں میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ انہیں پروفیسر سٹیون کی موت سے دو برس پہلے ہی2016 میں معطل کر دیا گیا تھا۔  

تفصیلات کے مطابق نرس پیٹریشیا ڈاوڈی نے اس موضوع پر میڈیا کے مختلف سوالات کے جواب دینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔

سٹیون ہاکنگ 22 برس کی عمر میں ایسی بیماری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد وہ جسمانی طور پہ مکمل معذور ہو کر اپنی وہیل چئیر تک محدود ہو گئے تھے۔ انہیں دیکھ بھال کے لیے مستقل طور پر مددگار عملے کی ضرورت رہتی تھی۔

اس سے  پہلے بھی 2004 میں ان کی دیکھ بھال پر مامور 10 نرسوں کی جانب سے ان کی دوسری بیوی ایلان میسن پر سنجیدہ نوعیت کے الزامات لگائے گئے تھے۔ یہ الزامات اس وقت لگائے گئے جب ان کے خاندان والے آئے روز انہیں مختلف چوٹوں کے ساتھ ہسپتال میں داخل کرواتے۔ ٹوٹی ہوئی کلائی اور چہرے پہ زخموں کے نشانات بھی انہی دنوں سٹیون ہاکنگ کو سہنے پڑے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سائنس