قرنطینہ لائف: کہیں بلی کے ساتھ راگ تو کہیں کاغذ کے جہاز

دنیا بھر سے لوگ قرنطینہ کے دوران اپنی سرگرمیوں کو  سوشل میڈیا پر ’قرنطینہ لائف‘ کے ہیش ٹیگ سے شیئر کر رہے ہیں۔

امریکی شہر پورٹ لینڈ کے رہائشی نے ایک ویڈیو میں اپنی بلی کے ساتھ ایک گانا گایا۔(تصویر: آئی ایم مو شو ٹوئٹر اکاؤنٹ) 

چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی کرونا وائرس  کی وباسے نمٹنے کے لیے دنیا بھر کے ممالک میں مختلف نوعیت کے حفاظتی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پورے ملکوں کو لاک ڈاؤن کیا جارہا اور سرحدیں بند کی جارہی ہیں،مریضوں اور مشتبہ مریضوں کو قرنطینہ یعنی طبی علیحدگی میں رکھا جارہا ہے اور شہریوں کو وائرس سے   بچاؤ کے لیے رضاکارانہ تنہائی اپنانے کی تجویز دی جا رہی ہے۔

چین میں وبا پھوٹنے کے بعد حکام نے  سخت اقدامات اٹھائے اور کئی شہروں میں لاکھوں افراد ہفتوں تک قرنطینہ میں رہے یا حکومتی احکامات کے مطابق اپنے گھروں تک محدود رہے۔ سپین اور اٹلی میں اب بھی لاکھوں افراد اپنے گھروں میں بند ہیں جبکہ فرانس سمیت یورپ کے کئی اور ممالک میں بھی لاک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔

ایسے میں دنیا بھر سے لوگ قرنطینہ کے دوران اپنی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔

امریکی شہر پورٹ لینڈ کے رہائشی دا کیٹ ریپر ایک ویڈیو میں اپنی بلی کے ساتھ ایک گانا گاتے دیکھے جا سکے ہیں۔ ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا:’جب دنیا میں ہلچل مچی ہوئی ہے آپ اپنی پسندیدہ بلی کے ساتھ گانا گا سکتے ہیں۔‘

نیو یارک کی رہائشی اوسے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے چار سالہ بیٹے سے بات کرتے ہوئے دیکھی جا سکتی ہیں۔ ٹویٹ میں اوسے کا کہنا تھا: ’میرے بیٹے نے گلی کی دوسری جانب واقع گھر کے ایک بچے سے دوستی کر لی ہے۔ یہ ایک دوسرے کو اپنے کھلونے دکھانے سے شروع ہوا تھا۔ یہ بہت خوبصورت ہے۔‘

ہم میں سے ہر ایک یقیناً اپنے سکول کے دنوں میں کاغذ سے جہاز بناتا ہوگا۔ ہنا نامی صارف کو ایک ویڈیو میں بچپن کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کاغذ کے جہاز کو بنانا اور اڑاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

 ان کا کہنا تھا: ’قرنطینہ کے دوران میں نے یہ کاغذی جہاز بنایا ہے۔‘

 انہیں کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ انہوں نے یہ جہاز یوٹیوب پر موجود ایک ویڈیو سے بنانا سیکھا ۔

چین کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی کے شہر سینٹ لوئی سٹینلے کی ایک ویڈیو میں اپنے گھروں میں قرنطینہ کے دوران مقیم شہریوں کو بالکونیزمیں کھڑے گانے گاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں ایک شخص مائیک ہاتھ میں تھامے اپنے گھر کی بالکونی پر گانا گا رہا ہے جب کہ قریب کی بالکونیز پر موجود افراد باری باری گانے کے بول دہرا رہے ہیں۔

لاک ڈاون کے دوران  فرانس کے شہر پیرس سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں فرانسیسی شہری قرنطینہ کے دوران اپنے گھروں کی بالکونیز سے گانوں پر جھومتے اور مختلف ساز بجاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ