پاکستان میں لوگ نیٹ فلکس پر کیا دیکھ رہے ہیں؟

ان دنوں کرونا وبا کی وجہ سے گھروں تک محدود ہونے والے پاکستانی ناظرین نیٹ فلکس پر کون سی فلمیں اور سیریز شوق سے دیکھ رہے ہیں؟

منی ہیسٹ نیٹ فلکس کی مشہور ترین سیریز میں سے ایک ہے

کرونا وائرس کے دنیا بھر میں پھیلنے کے بعد 35 ملک لاک ڈاؤن میں چلے گئے ہیں جبکہ کئی اور ملکوں میں روز مرہ کے معمولات بری طرح متاثر ہیں۔

کرونا وبا سے بچنے کے لیے دنیا بھر میں لوگ معاشرتی دوری اپناتے ہوئے اپنا زیادہ تر وقت گھروں میں انٹرٹینمنٹ پر مبنی سٹریمنگ سروسز اور آن لائن گیمز کھیلتے ہوئے گزار رہے ہیں، جس کی وجہ سے انٹرنیٹ کے نظام پر زبردست دباؤ بڑھا ہے۔

انٹرنیٹ کے نظام کو موثر انداز میں فعال رکھنے کے لیے نیٹ فلکس کے بعد یو ٹیوب اور ایمزون پرائم نے بھی یورپ میں اپنی سٹریمنگ کوالٹی کم کر دی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان میں بھی کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت نے 23 مارچ سے 15 روزہ جبکہ گلگت بلتستان نے غیر معینہ مدت کا لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔

دوسرے صوبوں میں بھی جزوی لاک ڈاؤن ہے یا پھر لوگوں نے اپنے معمولات زندگی محدود کر دیے ہیں۔

پاکستان میں گھروں پر بیٹھنے کے بعد اکثر لوگ سٹریمنگ سروسز پر اپنا من پسند مواد دیکھ رہے ہیں اور آن لائن سٹریمنگ سروسز میں یوٹیوب کے بعد نیٹ فلیکس کا نمبر آتا ہے۔

پاکستان میں ناظرین نیٹ فلیکس پر کیا دیکھ رہے ہیں یہ درج ذیل ٹاپ ٹین فہرست سے واضح ہو جاتا ہے۔ یہ فہرست نیٹ فلیکس کا الگورتھم ترتیب دیتا ہے۔

شی (ہندی زبان)

پاکستانی ناظرین ان دنوں سب سے زیادہ بھارتی کرائم سیریز 'شی' کا پہلا سیزن دیکھ رہے ہیں۔

نامور بولی وڈ ہدایت کار امتیاز علی اس سیریز کے خالق ہیں۔ اس کی ریٹنگ +16 ہے اور اس کی کہانی ممبئی کی ایک خاتون پولیس کانسٹیبل کے گرد گھومتی ہے جو منشیات فروشوں کے خلاف خفیہ آپریشن کا حصہ ہوتی ہے لیکن بعد میں وہ اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں سے آشکار ہوتی ہے۔

 

جے ممی دی (ہندی)

دوسرے نمبر پر مزاحیہ بولی وڈ فلم 'جے ممی دی' دیکھی جا رہی ہے۔ فلم میں ایک جوڑا اپنے پیار کو ماؤں سے چھپاتے چھپاتے تنگ آ جاتا ہے اور پھر دنوں اس کھوج  میں نکل پڑتے ہیں کہ آخر ان کی مائیں ایک دوسرے کی اتنی دشمن کیوں ہیں؟

ففٹی شیڈز فریڈ (انگریزی)

2018 کی اس رومانوی فلم میں ایک نوبہاتا جوڑا اپنی نئی زندگی شروع کر رہا ہوتا ہے کہ ان کے ماضی کا ایک کردار ڈراؤنی حقیقت بن کر انہیں ستانے لگتا ہے۔ خیال رہے کہ یہ +18 فلم ہے۔

منی ہیسٹ (ہسپانوی زبان)

منی ہیسٹ نیٹ فلیکس پر انتہائی مقبول ٹی وی سیریز ہے جو پاکستان میں بھی شوق سے دیکھی جاتی ہے۔

یہ کرائم ٹی وی شو 2017 میں شروع ہوا اور اب تک اس کے تین سیزن ریلیز ہو چکے ہیں جبکہ چوتھا سیزن بعض رپورٹس کے مطابق تین اپریل کو ریلیز ہو جائے گا۔

تو یہ ایک اچھا موقع ہے کہ سیزن فور سے قبل باقی سیزن دیکھ لیے جائیں۔

 

گلٹی (ہندی)

پاکستانی ناظرین کی فہرست میں بھارتی فلم 'گلٹی' پانچویں نمبر پر ہے۔ فلم کی کہانی کالج کے ایک ہر دل عزیز نوجوان اور اس کی گرل فرینڈ کے ارد گرد گھومتی ہے۔

اس نوجوان پر ایک لڑکی ریپ کا الزام لگا دیتی ہے، جس کے بعد  اس کی گرل فرینڈ سچ کی کھوج میں نکل پڑتی ہے۔ یہ فلم بھی +18 ریٹنگ رکھتی ہے۔

 

ایلیٹ (انگریزی)

اس فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود ٹی وی سیریز ایلیٹ کے تین سیزن ریلیز ہو چکے ہیں۔ 2018 میں شروع ہونے والی یہ سیریز نوجوانوں میں کافی مقبول ہے۔

اس کی کہانی سپین کے تین متوسط طبقے کے نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ایک ایلیٹ سکول میں داخل ہو جاتے ہیں لیکن ان کے اور امیر طالب علموں کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے ایک قتل ہو جاتا ہے۔

ٹوائے بوائے (انگریزی)

یہ بھی ایک کرائم سیریز ہے جس کا پہلا سیزن پاکستانی ناظرین نے خوب دیکھا۔ اس ٹی وی سیریز کی ریٹنگ بھی +18 ہے۔

بائی پاس روڈ (ہندی)

بولی وڈ کی اس فلم کی کہانی ایک فیشن ڈیزائنر کے اردگرد گھومتی ہے جس کی سابق گرل فرینڈ ایک رات پراسرار حالات میں مر جاتی ہے اور اسی رات یہ فیشن ڈیزائنر ایک حادثے میں زخمی ہو جاتا ہے، جس کے بعد سوال کھڑے ہو جاتے ہیں کہ آیا کہیں دونوں واقعات ایک دوسرے سے جڑے تو نہیں۔

فلم کے مرکزی اداکاروں میں نیل نتن مکیش، آدا شرما اور رجت کپور شامل ہیں۔

دریلس ارتگرل (ترک)

ترکی کی پہچان ٹی وی سیریز ارتگرل دنیا بھر میں بے حد مقبول ہے۔  2014 میں شروع ہونے والی اس سیریز کے پانچ سیزین ریلیز ہو چکے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان بھی اس ٹی وی سیریز کے مداح ہیں اور گذشتہ سال اکتوبر میں انہوں نے ایک تقریب سے خطاب میں عوام پر زور دیا تھا کہ وہ اس سیریز کو دیکھیں بلکہ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ اس سیریز کو اردو زبان میں پیش کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسے دیکھیں۔

سپنسر کانفیڈنشل (انگریزی)

ہالی وڈ کے ایکشن ہیرو مارک وولبرگ کی یہ فلم فہرست میں دسویں اور آخری نمبر پر ہے۔

فلم کی کہانی بوسٹن کے دو پولیس اہلکاروں کے قتل سے جڑی ایک گھناؤنی سازش پر مبنی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی فن