کرونا سے ہلاک ہونے والے منگا کے رہائشی کے دونوں ساتھی صحت یاب

ضلع مردان کے گاؤں منگا سے تعلق رکھنے والے 45افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ ان دو مریضوں کی صحت یابی کے بعد مریضوں کی تعداد43رہ گئی ہے۔

(فائل فوٹو: اے ایف پی)

کروناوائرس سے ملک کے پہلے جاں بحق ہونے والےشخص سعادت خان کے دونوں ساتھی صحت یاب ہوگئے۔

مردان کے علاقہ منگاہ سے تعلق رکھنے والےکرونا وائرس سے متاثرہ 2مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو بھیج دیئے گئےعالم زیب اور کمال الدین کرونا سے جان بحق سعادت خان کے ساتھ عمرہ کرکے آئے تھے۔ دونوں مریض پانچ دن تک مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں زیر علاج رہے۔

اس سلسلے میں ایم ایم سی کےترجمان ڈاکٹر جاوید اقبال نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ عالم زیب اور کمال الدین کو اسپتال سے ڈسچارج کردیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعدمردان میڈیکل کمپلیکس میں قائم آئسولیشن رومز میں زیر علاج رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں دونوں نے پانچ دن گزارے اور اس دوران کروناوائرس مریضوں کی مختلف مراحل میں مختلف ٹیسٹ اور چیک اپ ہوتا رہا اور دن بدن بہتری آنے کے بعد مریض مکمل صحت یاب پائے جانے پر ہسپتال سے فارغ کردیے گئے جب کہ دس دن بعد دوبارہ ان مریضوں کا چیک اپ کیا جائےگا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یادرہے کہ ضلع مردان کے گاؤں منگا سے تعلق رکھنے والے 45افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ ان دو مریضوں کی صحت یابی کے بعد مریضوں کی تعداد43رہ گئی ہے۔ منگا کو پچھلے سات دنوں سے مکمل لاک ڈاؤن کردیا ہے اور تمام راستے مکمل طور پر پاک آرمی اور پولیس نے بند کردیے ہیں جب کہ ملک کا کروناوائرس سے ہلاک ہونے والا پہلا شخص بھی منگا گاؤں سے تھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان