ڈرون کی مدد سے ڈیٹ کا اہتمام کرنے والا بلبلے میں بند شخص

گذشتہ ہفتے ایک امریکی شہری نے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے دوران اپنی پڑوسن کے ساتھ ابتدائی رابطے کی ایک ویڈیو شیئر کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اس ڈیٹ کے لیے کوہن نے خود کو ایک بڑے حفاظتی بلبلے میں بند کر لیا تاکہ وہ وائرس سے اپنے آپ کو بچاتے ہوئے ٹوری سگنریلا سے مل سکیں۔ (تصویر: سوشل میڈیا)

ایسے حالات میں جب کرونا (کورونا) وائرس کی وبا سے دنیا کے بیشتر علاقوں میں عوام اپنے گھروں میں قید ہیں، ڈیٹنگ کے مواقع کم ہی ملتے ہیں۔

تاہم نیو یارک کے علاقے بروکلین سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو قرنطینہ بھی نہیں روک پایا اور وہ اپنے اپارٹمنٹ تک محدود رہنے کے باوجود ایک ڈرون اور ہاتھ سے لکھے گئے ایک خط کی مدد سے اپنی پڑوسن کو ڈیٹ پر لے جانے کا راستہ تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

گذشتہ ہفتے جیریمی کوہن نے اپنی پڑوسن کے ساتھ اپنے ابتدائی رابطے کی ایک ویڈیو شیئر کی جوسوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کوہن نے ان خاتون کو پہلی بار قریبی چھت کے اوپر ڈانس کرتے دیکھا تھا۔ ویڈیو میں کوہن نے کہا: 'مجھے انہیں صرف ہیلو کہنا تھا۔'

کوہن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان خاتون کو دیکھ کر اپنی بالکونی سے ہاتھ ہلایا کر 'ہائے' کہا جس کے جواب میں انہوں نے بھی ہاتھ ہلایا۔ اس ویڈیو کلپ کو 61 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا چکا ہے۔

اس کے بعد کوہن نے اپنا نمبر کاغذ کے ایک ٹکڑے پر لکھ کر اپنے ڈرون کے ذریعے ٹوری سگنریلا نامی مذکورہ خاتون تک پہنچا دیا۔ ایک گھنٹے بعد کوہن کو سگنریلا کا جوابی پیغام موصول ہوا۔

کوہن نے ویڈیو کے عنوان میں کہا: 'مجھے یقین نہیں آ رہا تھا کہ اس سے کام بن گیا اور ہاں یہ ایک حقیقی کہانی ہے۔'

شہر میں سماجی دوری اختیار کرنے کی پابندیوں کے باوجود یہ نیا رشتہ یہیں پر ختم نہیں ہوا کیوں کہ اس کے بعد اس منفرد جوڑے نے دو ڈیٹس پر جانے کا انتظام کر ہی لیا۔

کوہن کی سوشل میڈیا پروفائلز پر شیئر کی گئیں اپ ڈیٹس کے مطابق ان کی اور سگنریلا کی پہلی ڈیٹ فیس ٹائم اور ان کی چھتوں کے راستے ہوئی۔

اس ڈیٹ پر دونوں نے سفید دستر خوان پر رکھے ہوئے کھانے کے سامنے بیٹھ کر ویڈیو کال کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ ڈنر کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کوہن نے دوسری اپ ڈیٹ میں وضاحت کرتے ہوئے کہا: 'ہم نے فیس ٹائم پر موجودگی کے دوران ایک جیسا کھانا ساتھ میں کھایا۔' 

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈیٹ کوانجام دینے میں سگنریلا کی روم میٹ نے خفیہ طور پر ان کے ساتھ تعاون کیا تھا۔

کوہن نے لکھا: 'ان کا نام ٹوری ہے۔ وہ خوبصورت اور رحم دل ہیں اور مجھے ان سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے۔'

کوہن کی نئی اپ ڈیٹ کے مطابق اس (ورچوئل ملاقات) کے بعد جوڑے نے پہلی بار آمنے سامنے ملاقات کا اہتمام کیا۔

اس ڈیٹ کے لیے کوہن نے خود کو ایک بڑے حفاظتی بلبلے میں بند کر لیا تاکہ وہ وائرس سے اپنے آپ کو بچاتے ہوئے ٹوری سگنریلا سے مل سکیں۔

کوہن نے نئی ویڈیو میں کہا: 'میں سماجی دوری کو قائم رکھتے ہوئے انہیں قریب سے دیکھنا چاہتا تھا۔'

ڈیٹ کے دوران پولیس کی جانب سے روکے جانے سے قبل کوہن اور سگنریلا اپنے محلے میں گھوم رہے تھے، لیکن پابندی کے باوجود باہر گھومنے پر سرزنش کرنے کی بجائے پولیس نے ان کی تصویر بنائی کیوں کہ انہوں نے کوہن اور سگنریلا کو وائرل ہونے والی ویڈیو سے پہچان لیا تھا۔

کوہن نے لکھا: 'صرف اس وجہ سے کہ ہم سماجی دوری اختیار کر رہے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں معاشرتی طور پر سرد مہر بھی بن جانا چاہیے۔'

نئی ویڈیو، جسے 25 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے، میں کوہن اور سگنریلا کو لوگوں کی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔

ایک شخص نے ٹویٹ کی: 'یہ شاید ایک کہانی ہو جس نے ہم سب کو قرنطینہ کے دوران متاثر کیا ہے۔ اس کے لیے آپ کا شکریہ۔'

ایک اور صارف نے کہا: 'اگلی قسط کا انتظار نہیں کر سکتے! ان لمحات میں مسکراہٹوں کا شکریہ۔'

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا